شہباز شریف کے ایم پی منتخب ہونے تک عبوری وزیر اعظم ہوں گے شاہد خاقان عباسی

Jul 29, 2017 07:05 PM IST | Updated on: Jul 29, 2017 07:06 PM IST

اسلام آباد۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وزیر برائے پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی کو عبوری وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مستقل وزیر اعظم شہباز شریف بنائے جائیں گے جو سر دست پنجاب کے وزیر اعلیٰ ہیں۔ مسٹرشہباز شریف کو نا اہل قرار دیئے جانے والے نواز شریف کی خالی ہونے والی نشست پر الیکشن جیت کر قومی اسمبلی میں جانا ہوگا۔ یہاں پنجاب ہاؤس میں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے قبل وزیراعظم ہاؤس میں نواز شریف کی سربراہی میں 4 گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا جس میں پناما فیصلے کے بعد پارٹی کی سیاسی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

ڈان کے مطابق اگر مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی کمیٹی اس فیصلے کی تائید کرتی ہے تو پھر شہباز شریف کو اپنی پنجاب اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینا ہوگا جبکہ پنجاب کے لیے نئے وزیراعلیٰ کا بھی انتخاب کیا جائے گا۔ پنجاب کے وزیر برائے ایکسائز ایکڈ ٹیکسیشن مجتبیٰ شجاع الرحمٰن، شہباز شریف کی جگہ صوبے کے نئے وزیر اعلیٰ منتخب کیے جاسکتے ہیں۔اس حوالے سے ابھی باقاعدہ کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اگر چہ شاہد خاقان عباسی کو عبوری وزیراعظم بنانے پر اتفاق کیا گیا لیکن اس عہدے کے لیے سابق وفاقی وزراء رانا تنویر حسین اور خرم دستگیر خان بھی مضبوط امیدوار تھے۔

شہباز شریف کے ایم پی منتخب ہونے تک عبوری وزیر اعظم ہوں گے شاہد خاقان عباسی

شاہد خاقان عباسی : گیٹی امیجیز

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز