گلبرگہ میں ایس سی ایس ٹی ملازمین کو کوٹہ سے زائد پروموشن دینے کے خلاف سرکاری ملازمین کا احتجاج

Mar 22, 2017 10:50 PM IST | Updated on: Mar 22, 2017 10:50 PM IST

گلبرگہ : جنرل زمرہ بشمول اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے ریاستی سرکاری ملازمین نے گلبرگہ میں زبردست احتجاج کیا اور ایس سی ایس ٹی طبقہ کو تناسب سے زائد پروموشن میں ریزرویشن کو منسوخ کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کو نافذ کرنے کا ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا۔ احتجاجی ملازمین نے پروموشن میں ریزرویشن میں بے قاعدگیوں کا الزام بھی عائد کیا ۔ سرکاری ملازمین کا مطالبہ ہے کہ پرموشن کے لیے سینئریٹی کی فہرست ازسرنو ترتیب دی جائے اور انصاف کی بنیادوں پر پروموشن دی جائے ۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ کرناٹک حکومت کو ہدایت دی تھی کہ ریزرویشن کے تحت پروموشن پانے والے 18 فیصد سے زائد ایس سی ایس ٹی ملازمین کا فوری طور پر ڈموشن کیا جائے ، کیونکہ اس میں قانون کا لحاظ نہیں رکھا گیا ہے اوراس سے82 فیصد دیگر طبقات کے ملازمین کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں ۔

گلبرگہ میں ایس سی ایس ٹی ملازمین کو کوٹہ سے زائد پروموشن دینے کے خلاف سرکاری ملازمین کا احتجاج

سپریم کورٹ کے فیصلہ کے نفاذ کا مطالبہ کرتے ہوئے گلبرگہ میں ایس سی ایس ٹی کے علاوہ تمام طبقات بشمول اقلیتی طبقے کے سرکاری ملازمین نے زبردست احتجاج کیا ۔ سرکاری ملازمین کا کہنا ہے کہ پرموشن میں سرکاری محکموں میں بڑی دھاندلیاں ہو رہی ہیں، جس کی وجہ سے82 فیصد طبقے کو اس کا حق نہیں مل رہا ہے۔

اگلے سال انتخابات کے پیش نظر کرناٹک حکومت کے لیے یہ مسئلہ گلے کی ہڈی بن گیا ہے ۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ایس سی ایس ٹی ملازمین بھی ریزرویشن کے تحت پائے گئے پروموشن کی حمایت میں ان دنوں احتجاج پر ہیں ۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز