اجودھیا میں رام مندر کی تعمیر 2018 میں شروع ہو جائے گی: سبرامنیم سوامی

May 29, 2017 03:40 PM IST | Updated on: May 29, 2017 03:40 PM IST

حیدرآباد۔ بی جے پی لیڈر ڈاکٹر سبرامنیم سوامی نے اعلان کیا ہے کہ اجودھیا میں رام مندر کی تعمیر 2018 میں شروع ہوجائے گی۔ ڈاکٹر سوامی نے کہا کہ محکمہ آثار قدیمہ (اے ایس آئی) کے مسٹر بی بی لال اور مسٹر کے کے محمد جدید ترین ٹکنالوجی استعمال کررہے ہیں اور انہوں نے الہ آباد ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ اجودھیا میں مندر جیسا ایک ڈھانچہ موجود تھا۔ انہوں نے کہا کہ آخر میں فتح ہماری ہوگی۔ تاریخ نے بلاشک و شبہ یہ ثابت کردیا ہے کہ اجودھیا میں رام مندر موجود تھا ۔ بی جے پی لیڈر نے اعلان کیا کہ مندر کی تعمیر اگلے سال ہوگی نیز کہا کہ مسجد پڑھنے کی جگہ ہے اور اسے دوسری جگہ منتقل کیا جاسکتا ہے۔ سعودی عرب میں سڑکوں کو چوڑا کرنے کے لئے ایسا کیا جاتا ہے۔

وہ وراٹ ہندوستان سنگم کے زیر اہتمام عوامی مذاکرے میں حصہ لے رہے تھے جس کا موضوع تھا ’’ اجودھیا میں قانونی دائرے کے تحت رام مندر کی تعمیر‘‘ ۔ یہ تنظیم خود انہوں نے ہی پچھلے سال تشکیل دی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’ تاریخ نے یہ ثابت کردیا کہ رامائن کے واقعات حقیقت ہیں۔ یہ بات ثابت ہے کہ رام سیتو تعمیر کیا گیا تھا اور اس کے باقیات اب بھی ہیں۔ ڈاکٹر سوامی نے دعویٰ کیا کہ بہت سی تہذیبیں آئیں اور گئیں مگر ہندو دھرم وثقافت کو عروج ہی ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان ذاتی طور پر اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ اجودھیا میں ایک مندر موجود تھا اور یہ کہ انہیں اجودھیا میں رام مندر بنائے جانے پر کوئی اعتراض نہیں ہے مگر وہ چاہتے ہیں کہ اب عدالت کے ذریعہ ہو۔ اس طرح یہ معاملہ بہت آسان ہوا ہے۔

اجودھیا میں رام مندر کی تعمیر 2018 میں شروع ہو جائے گی: سبرامنیم سوامی

ہم 2018 میں راجیہ سبھا میں اکثریت میں آجائیں گے اور تب سب کچھ آسان ہوجائے گا، نیز کہا تب یکساں سول کوڈ بھی نافذ ہوجائے گا۔ مجمع سے خطاب کرتے ہوئے روحانی گرو پریپورانانندجی نے کہا رام مندر بنے گا اور رام راج بھی آئے گا۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز