غدار کشمیری مسلمانوں سے کوئی بھی چیز نہ خریدیں: بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کا ویڈیو وائرل

Jun 13, 2017 05:44 PM IST | Updated on: Jun 13, 2017 05:45 PM IST

حیدرآباد۔ تلنگانہ اسمبلی کے گوشہ محل حلقہ کے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کا ویڈ یو شیئرنگ ویب سائٹ ’یوٹیوب‘ پر ایک انتہائی متنازعہ ویڈیو وائرل ہوگیا ہے جس میں انہوں نے کشمیر ی مسلمانوں کو غدار قرار دیا ہے۔ انہوں نے امرناتھ یاترا میں حصہ لینے والے ہندو یاتریوں سے خواہش کی ہے کہ وہ ’’غدار کشمیر ی مسلمانوں‘‘سے کسی بھی شئے کو نہ خریدیں تاکہ کشمیر میں ہندوستانی فوجیو ں پر حملوں کے واقعات کا بدلہ لیا جاسکے۔ یہ ویڈ یو پہلے ان کے سری رام سینا یوٹیوب چینل پر گزشتہ ماہ اپ لوڈ کیا گیا تھا۔ تاہم بعد ازاں اسے ہٹا دیا گیا ہے تاہم اب یہ ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ کے علاوہ دوسرے سوشل میڈیا ویب سائٹس بشمول فیس بک پر گردش کررہا ہے۔

انہوں نے اپنے ویڈیومیں انتہائی رکیک الفاط کا استعمال کیا ہے۔ انہیں ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے ’ مئی ، جون اور جولائی میں امرناتھ یا دیگر یاتراوؤں پر جانے والے ہندو افراد سے میں خواہش کرتا ہوں کہ وہ غدار مسلمان کشمیر یوں سے ایک روپے کا بھی سامان نہ خریدیں جو ہمارے سیکو رٹی فورسز پر پتھر پھینکتے ہیں ‘۔ راجہ سنگھ نے ان یاتریوں سے اپیل کی ہے کہ ان کشمیریوں کو سبق سکھانے کے لئے ان کے پاس سے ایک روپئے کی کوئی شئے کی بھی خریداری نہ کریں۔

غدار کشمیری مسلمانوں سے کوئی بھی چیز نہ خریدیں: بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کا ویڈیو وائرل

بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ

انہوں نے اپنے ویڈیو میں آگے کہا ہے’اگر ہم یہ ایک چھوٹی سی کوشش کریں گے تو آنے والے دنوں میں ہم یہ محسوس کریں گے کہ یہ غدار جو ہمارے روپئے پیسے پر زندگی بسر کرتے ہیں،سڑک پر آجائیں گے اور اپنی دہشت گردی ختم کردیں گے اور یہ کہنے پر مجبور ہوجائیں گے کہ وہ ہندوستان ہی میں رہیں گے اور پاکستان کو بھول جائیں گے کیونکہ کشمیر ہمارے سر کا تاج ہے۔ اگر ہم ایسا کریں گے تو وہ گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔ یہ مسلمان کشمیری غدار ہمارے فوجیوں پر پتھراو کرتے ہیں‘۔انہوں نے اپنی کئی باتوں کا اعادہ کیا ۔ راجہ سنگھ مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کے لئے مشہور ہیں اور ان کے ایسے کئی ویڈیوز حیدر رآباد میں قبل ازیں بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے ہیں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز