گوری لنکیش کے قتل کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے ، بھائی اندر جیت کی اپیل

Sep 07, 2017 04:56 PM IST | Updated on: Sep 07, 2017 04:56 PM IST

بنگلور: سینئر کنڑ صحافی اور سماجی کارکن گوری لنكیش کے بھائی اندرجیت لنکیش نے میڈیا اور دیگر رہنماؤں سے آج اپیل کی کہ وہ ان کی بہن کے قتل كو سیاسی رنگ نہ دیں۔ مسٹر اندرجیت نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا، ’’اگر آپ ان کے نظریات پر تنقید کرنا چاہتے ہیں تو یہ آپ کی سوچ ہے لیکن ان کے قتل پرسیاست نہ کریں۔ ان کی کبھی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں تھی، چاہے وہ کوئی ایک شخص ہویا کوئی سیاسی جماعت ، جیساکہ الزام عائد کیا جا رہا ہے‘‘۔

انہوں نے کہا کہ قتل کی تحقیقات کے لئے ریاستی حکومت کی طرف سے قائم خصوصی تفتیشی ٹیم نے کام کرنا شروع کر دیا ہے اور انہیں پورا بھروسہ ہے کہ مجرم جلد ہی پکڑ لئے جائیں گے۔

گوری لنکیش کے قتل کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے ، بھائی اندر جیت کی اپیل

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ان کا خاندان قتل کی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) سے جانچ کرانے پر زور دے گا، انہوں نے کہا، ’’ہمیں انصاف چاہئے اور معاملے کی جانچ کے لئے ایس آئی ٹی کی تشکیل کی جاچکی ہے اور اس نے کام کرنا شروع بھی کر دیا ہے ۔ اسے تحقیقات کیلئے کافی وقت دیا جانا چاہئے۔ اگرایس آئی ٹی کیس کی تحقیقات میں ناکام رہی تو، ہم ضرور سی بی آئی کی تحقیقات کے لئے دباؤ ڈالیں گے‘‘۔

غور طلب ہے کہ محترمہ لنكیش کی پانچ ستمبر کی رات بنگلور واقع ان کی رہائش گاہ پر تین نامعلوم مسلح افراد نے گولی مار کر قتل کر دیا۔ وہ نکسلیوں کو سدھارنے کی کوشش اور انہیں معاشرے کے مرکزی دھارے سے شامل کرنے کے لئے مشہور تھیں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز