حج 2017 : ریاست تلنگانہ کے لئے 3367 نشستوں کا کوٹہ مختص

Mar 10, 2017 04:19 PM IST | Updated on: Mar 10, 2017 04:19 PM IST

حیدرآباد: مرکزی حج کمیٹی نے ریاست تلنگانہ کو حج 2017کے لئے جملہ 3367 کا حج کوٹہ مختص کیا ہے ۔ اسپیشل افسرتلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے اعلان کیا ہے کہ اس سال حج کمیٹی آف انڈیا کے لئے جملہ 1,23,700 کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے ‘ جسے تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں وہاں کی مسلم آبادی کے تناسب سے تقسیم کیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں ریاست تلنگانہ کو 3367 نشستیں ملی ہیں۔

ریاست تلنگانہ میں مسلمانوں کی آبادی 44,64,852 ہے جو ملک کی آبادی کا2.59 فیصد ہوتی ہے اس تناسب سے ریاست کو 3367کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے ۔ پروفیسر ایس اے شکو رنے مزید بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے عام زمرہ کے عازمین حج کے انتخاب کے لئے 18مارچ کو 10:30 بجے دن احاطہ حج ہوز نامپلی حیدرآبادمیں قرعہ اندازی مقرر کی گئی ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ جناب محمد محمود علی قرعہ اندازی کا افتتاح کریں گے۔

حج 2017 : ریاست تلنگانہ کے لئے 3367 نشستوں کا کوٹہ مختص

انہوں نے بتایا کہ ریاستی حج کمیٹی کو جملہ 20635درخواستیں وصول ہوئی ہیں‘ جن میں 20601 بالغ عازمین اور 34 شیر خوار شامل ہیں ۔محفوظ زمرہ اول یعنی 70 سال یا اس سے زائد عمر کے عازمین کی 743درخواستیں اور زمرہ دوم یعنی چوتھی مرتبہ درخواست دینے والے عازمین کی 2286 درخواستیں وصول ہوئی ہیں‘ جبکہ اسی زمرہ کے تحت 8 عازمین ایسے ہیں جنہوں نے پانچویں مرتبہ درخواست دی ہے۔ محفوظ زمرہ کے تمام 3037 عازمین کا قرعہ اندازی کے بغیر ہی انتخاب عمل میں آئے گا۔

اس کے بعد بچ جانے والی 330 نشستوں کے لئے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی ہوگی۔ حج کمیٹی کو عام زمرہ کے تحت 17,564 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ ریاستی حج کمیٹی نے قرعہ اندزی کی تقریب کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ تمام منتخب عازمین کو حج مصارف کی پہلی قسط کے طور پر 30اپریل سے قبل مبلغ 81,000روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ حج 2017 کے لئے درخواست داخل کرنے کا عمل 2جنوری سے شروع ہوا اور آخری تاریخ 24 جنوری تھی جس میں توسیع کرتے ہوئے 6 فبروری 2017 آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی ۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز