تلنگانہ : عازمین حج کی فلاح و بہبود کیلئے بہترین انتظامات کرنے وزیراعلی کی ہدایت

Apr 23, 2017 07:02 PM IST | Updated on: Apr 23, 2017 07:02 PM IST

حیدرآباد : نائب وزیر اعلیٰ تلنگانہ محمد محمود علی نے کہا ہے کہ حکومت تلنگانہ عازمین حج کی خدمت اور مدد کو اپنے لئے اعزاز سمجھتی ہے وہ ان کی مقدس سفر حج پر روانگی کے انتظامات اور ان کی دیکھ بھال کے لئے ہرممکن اقدامات کرے گی‘ اور اس مقصد کے لئے حکومت کے پاس عزم و ارادہ کے ساتھ ساتھ پیسہ کی کمی نہیں ہے۔ وہ آج صبح تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام منتخب عازمین حج کا پہلے تربیتی اجتماع کو مخاطب کررہے تھے ، جو ہائی ٹیک گارڈن فنکشن ہال ، اولڈ ملک پیٹ نزد پانی کی ٹانکی عقب ریس کورس گراؤنڈ حیدرآباد میں منعقد ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کو بھی حجاج کرام کی فلاح و بہبود سے گہری دلچسپی ہے اور انہو ں نے عازمین کی روانگی کے انتظاما ت کو کامیاب بنانے کے لئے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ سے ہی حاجیوں کی خیر و عافیت کے بارے میں معلومات حاصل کیا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کی ہدایت پر ہی مکہ معظمہ میں رباط کا مسئلہ حل کیا گیا‘ جس سے سینکڑوں حجاج کرام کو سہولت حاصل ہوئی۔ وہ کوشش کریں گے کہ اس سال رباط میں 1284حجاج کرام کے قیام کے انتظامات کئے جائیں۔ جناب محمود علی نے کہا کہ عازمین حج اللہ کی طلبی پر ہی ہی سفر حج پر جارہے ہیں ‘ کیونکہ ہزاروں درخواست گزاروں میں ان کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔

تلنگانہ : عازمین حج کی فلاح و بہبود کیلئے بہترین انتظامات کرنے وزیراعلی کی ہدایت

انہوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ سفر حج کے دوران صبر و سکون کا مظاہرہ کریں کیونکہ اس سفر کے دوران مشکلات اور تکلیفیں پیش آنا ضروری ہے ۔ انہوں نے عازمین حج کی روانگی کے لئے ملک بھر میں بہترین انتظامات کرنے پر اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کی پرزور ستائش کی۔ انہوں نے عازمین سے 12فیصد ریزرویشن کی کامیابی کے لئے دعا کرنے کی اپیل بھی کی ۔ مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ نظامیہ نے فضائل حج و عمرہ بیان کرتے ہوئے عازمین کرام کو مشورہ دیا کہ وہ نماز اور دیگر فرائض کی پابندی کریں۔

حج ایک مقدس فرض ہے اور اس میں اللہ اور رسول کریم کی رضا کو مقدم رکھنا چاہئے۔ حج کے لئے اخلاص اور رزق حلال لازمی ہیں۔ رزق حلال کے بغیر نہ حج قبول ہوتا ہے اور نہ زکواۃ قبول ہوتی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ حج کے تین فرائض ہیں احرام‘ وقوف عرفات اور طواف زیارت ان میں سے کوئی ایک بھی دانستہ یا نادانستہ یا کسی مجبوری کی وجہہ سے چھوٹ جائے تو حج ادا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ نماز اور روزہ بدنی عبادتیں ہیں ‘ زکواۃ مالی عبادت ہے اور حج بدنی اور مالی دونوں پر مشتمل ہے۔ جناب احمد بن عبداللہ بلعلہ ایم ایل اے ملک پیٹ نے خطاب کرتے ہوئے عازمین کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ اللہ کے مہمان ہیں ‘ اور ان کی دعائیں رد نہیں ہوتیں۔ وہ ملک و ریاست اور مسلمانوں کی ترقی اور خوش حالی کے لئے دعائیں کریں۔

اسپیشل افسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سارے ملک میں تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی عازمین کی روانگی کے بہتیرن انتظامات کرتی ہے جس پر اس کو ایوارڈ بھی عطا کئے گئے ہیں اور اس کی کارکردگی کو سارے ملک میں مثالی قرار دیا جاتا ہے۔ حج کمیٹی اس سال بھی عمدہ ترین انتظامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعلی محمود علی کی دلچسپی کی وجہ سے رباط کا مسئلہ حل ہوا۔ کزشتہ سال 600 عازمین نے رباط میں قیام کیا تھا۔

اس سال تین عمارتیں حاصل کرتے ہوئے 1284 حجاج کرام کے قیام کا انتظام کیا جارہا ہے‘ جس کے لئے ماہ مئی کے پہلے ہفتہ میں قرعہ اندازی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے حجاج کرام دوسرے مرحلہ میں براہ جدہ مکہ معظمہ روانہ ہوں گے۔ اس سال منیٰ میں حجاج کرام کے لئے خیموں میں تین وقت کا کھانا سربراہ کیا جائے گا۔ مولانا حافظ عبدالرشید طلحہ نعمانی نے فضایل و آداب زیارت روضہ نبوی مدینہ منورہ پر روشنی ڈالتے ہوئے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ اس مقدس ترین سرزمین پر پورے ادب و احترام کا مظاہرہ کریں اور اپنے کسی قول یا فعل کے ذریعہ یہ ظاہر نہ کریں کہ ان سے دانستہ یا نادانستہ طور پر کسی قسم کی بے ادبی ہورہی ہو۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز