حج 2017 : حیدرآبادسے 500 عازمین کا دو قافلہ مقدس سفر پر روانہ

Aug 18, 2017 06:19 PM IST | Updated on: Aug 18, 2017 06:19 PM IST

حیدرآباد: حیدرآباد حج ہوزسے آج دو قافلوں کے ذریعہ 500عازمین حج سوئے حرم روانہ ہوئے ۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایر پورٹ کے انٹرنیشنل ٹرمنل سے 50 عازمین پر مشتمل ایک قافلہ سعودی عربین ایر لائن249 کی ریگیولر فلائٹ کے ذریعہ 11:20 بجے دن جدہ کے لئے روانہ ہوا۔ اس قافلہ میں تلنگانہ کے 34 اور کرناٹک کے 16 عازمین شامل تھے۔ ان عازمین کی روانگی کے لئے حج ہاؤز سے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ آٹھویں حج چارٹرڈ فلائیٹ 450 عازمین کو لے کر11.25 بجے دن جدہ کے لئے روانہ ہوئی۔ جس میں تلنگانہ کے 150اور کرناٹک کے 300عازمین شامل تھے۔ تلنگانہ کے عازمین میں 147کا تعلق حیدرآباد سے اور دو کا تعلق عادل آباد سے تھا۔

حج ہاؤز میں اسپیشل افسرتلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے اس قافلہ کو جھنڈی دکھا کر وداع کیا۔ اس موقع پر جناب عرفان شریف اے ای او حج کمیٹی اور دوسرے موجود تھے۔ ان قافلوں کی روانگی کے ساتھ ہی حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے جملہ 3650 عازمین مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں ‘وہ تمام خیریت سے ہیں اور وہاں عمرہ کی ادائیگی کے بعد عبادات اور ذکر اذکار میں مصروف ہیں۔ اسپیشل افسرپروفیسر ایس اے شکور نے ان قافلوں کے ساتھ جو خادم الحجاج روانہ ہوئے ہیں ان سے بات کی اور ان کو ہدایت دی کہ وہ عازمین کی خدمت اور رہنمائی کے لئے مستعد رہیں اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کریں۔

حج 2017 : حیدرآبادسے 500 عازمین کا دو قافلہ مقدس سفر پر روانہ

مسٹر ایم اے رؤف خان انجنےئر نے کارروائی چلاتے ہوئے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ پلین میں بیٹھنے کے بعد عمرہ کی نیت کرلیں‘ اگر ان کو طیارہ میں نیند آجائے تو میقات گزر جائے گی اور ان پر دم لازم آئے گا۔ آج صبح کے قافلہ میں مولانا سید شاہ قاضی اعظم علی صوفی صدر کل ہند جمعیتہ المشایخ نے خطاب کرتے ہوئے فضائیل حج بیان کئے اور روضہ نبوی ﷺ کی زیارت کی اہمیت اور فضیلت پر روشنی ڈالی ‘مناسک حج و عمرہ بیان کئے اور عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ جلد بازی کا مظاہرہ نہ کریں بلکہ صبر و سکون کے ساتھ مناسک کی ادائیگی کریں۔

پروفیسر ایس اے شکور نے حج ہوزسے قافلوں کی روانگی کے بعد ایر پورٹ پہنچ کر عازمین کی روانگی کے انتظامات کئے ۔حج ہاؤز میں عازمین کے عزیز و اقارب کی کثیر تعداد موجود تھی‘ جنہوں نے ان کو بادیدہ نم وداع کیا اور ان کے خوشگوار سفر اور بحفاظت روانگی اور واپسی کی دعائیں کیں۔ کل19 اگست کو 450 عازمین پر مشتمل ایک قافلہ 2:25 بجے دوپہر اور 11واں قافلہ رات 10. 25 بجے حج ٹرمنل سے پرواز کرے گا۔ ان قافلوں کے ذریعہ آندھرا پردیش کے 900عازمین جدہ روانہ ہوں گے۔ اے پی کے عازمین کے مزید تین قافلے 20 اور 21 اگست کو روانہ ہوں گے جبکہ کرناٹک کے عازمین پر مشتمل دو قافلے 21اور 22 اگست کو جدہ روانہ ہوں گے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز