حج 2017 : تلنگانہ حجاج کرام کے پہلے قافلہ کی آمد، شمس آباد ایر پورٹ پر شاندار استقبال

خوشی و مسرت سے سرشار ریاست تلنگانہ کے448 حجاج کرام کا پہلا قافلہ آج صبح صادق کے طلوع کے ساتھ ہی حیدرآباد واپس پہنچا۔

Sep 21, 2017 07:51 PM IST | Updated on: Sep 21, 2017 07:51 PM IST

حیدرآباد : خوشی و مسرت سے سرشار ریاست تلنگانہ کے448 حجاج کرام کا پہلا قافلہ آج صبح صادق کے طلوع کے ساتھ ہی حیدرآباد واپس پہنچا۔ راجیو گاندھی ایر پورٹ کے حج ٹرمنل پر تلنگانہ کے نائب وزیراعلی محمد محمود علی نے اس قافلہ کے خوش نصیب حجا ج کا استقبال کیا۔ اس موقع پر مشیر اقلیتی بہبود حکومت تلنگانہ جناب اے کے خان ‘ اسپیشل افسرتلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اورصدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن جناب اکبر حسین موجود تھے۔ نائب وزیراعلی نے حجاج کرام کو کو زم زم کے پانچ لیٹر کے کین حوالے کئے۔ کسٹم اور امیگریشن کی کارروائیوں کی تکمیل کے بعد پرنسس اسریٰ اسپتال کی میڈیکل ٹیم نے حجاج کرام کا معائنہ کیا‘ جس کے بعد حجاج کرام حج ٹرمنل کے باہر پہنچے جہاں ان کے رشتہ دار اور احباب کی کثیر تعداد ان کے باہر نکلنے کی منتظر کھڑی تھی ‘ جنہوں نے جذباتی انداز میں حجاج کرام کا استقبال کیا ‘ جس کے بعد وہ ان کے ہمراہ اپنے اپنے مقامات کے لئے اپنی گاڑیوں میں روانہ ہوگئے۔ اضلاع کے حاجیوں کے لئے حج ہوزمیں قیام کا انتظام کیا گیا۔ حجاج کرام نے نماز فجر حج ٹرمنل کی نماز گاہ میں ادا کی‘ جبکہ وزیٹرز کے لئے ٹرمنل کے باہر نماز گاہ کا وسیع انتظام کیا گیا تھا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جناب محمود علی نے کہا کہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ تمام حجاج کرام نے انتہائی پرسکون انداز میں سکون و اطمینان کے ساتھ فریضہ حج ادا کیا اور روضہ نبوی ﷺ پر حاضری کی سعادت حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ اس سال حج کے لئے انتہائی موثر اور زبردست انتظامات کئے گئے جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ حجاج کرام نے انتظامات کی ستائش کی اور اس پر مسرت کا اظہار کیا۔ وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ کی سرپرستی میں ریاستی حکومت اور ریاستی حج کمیٹی نے حجاج کرام کی صحت و سلامتی کے لئے معقول انتظامات کئے جس کے سبب حجاج کرام کو فریضہ حج کی ادائیگی میں بڑی سہولت حاصل ہوئی۔ انہوں نے بہترین انتظامات پر اسپیشل افسرپروفیسر ایس اے شکور کو مبارک باد پیش کی۔ پہلی فلائٹ کے ایک حاجی کی طبیعت اچانک بگڑ جانے کے باعث انہیں اور ان کے رفیق سفر کو طیارہ سے اتار دیا گیا جس کی وجہ سے پرواز میں ایک گھنٹہ کی تاخیر ہوئی۔ مشیر اقلیتی بہبود جناب اے کے خان نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ حجاج کرام خیریت کے ساتھ وطن واپس ہورہے ہیں‘ انہوں نے حجاج کرام کو حج کی سعادت حاصل ہونے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ اللہ نے ان کو جو موقعہ عطا کیاہے وہ ایک احسان عظیم ہے اور حجاج کرام اس اہم فرض کی واپسی کے بعد اپنی زندگی میں تبدیلی لائیں اور سماج میں دوسروں کے لئے بہترین مثال بن جائیں۔

حج 2017 : تلنگانہ حجاج کرام کے پہلے قافلہ کی آمد، شمس آباد ایر پورٹ پر شاندار استقبال

اسپیشل افسرتلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے حجاج کرام کی واپسی کے انتظامات کی نگرانی کی‘ اور تمام حاجیوں کی واپسی تک وہیں قیام کئے رہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ ‘ آندھرا پردیش اور کرناٹک کے 6347 حجاج کرام حیدرآباد سے روانہ ہوئے جنہوں نے اپنی زندگی کے دیرینہ خواب کو تعبیر سے ہم کنار کیا‘ وہ تمام 29ستمبر کی شام تک حیدرآباد واپس ہوجائیں گے۔ حجاج کرام کی دوسری فلائیٹ آج شب حیدرآباد واپس ہوئی۔ جمعہ9.50 بجے صبح ایک فلائٹ پہنچے گی۔ جبکہ رات کو 1.20 بجے چوتھی فلائٹ کی آمد مقرر ہے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے اعلان کیا کہ حجاج کرام کی واپسی کے موقعہ پر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے حج ہاؤز میں ایک کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو 29ستمبر کی شام تک 24گھنٹے خدمات انجام دے گا۔ حجاج کرام کی واپسی کا عمل اس تاریخ تک مکمل ہوجائے گا۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز