Live Results Assembly Elections 2018

کرناٹک کے رائچور میں تاریخی عمارت ایک مینارخستہ حال، گیلری کا ایک حصہ ٹوٹا

کرناٹک کے رائچور کی قدیم عمارت ایک مینار کا شمار ریاست کی تاریخی عمارتوں میں کیا جاتا ہے۔

Jul 25, 2017 07:34 PM IST | Updated on: Jul 25, 2017 07:34 PM IST

رائچور۔ زمانہ قدیم سے ہی تاریخی عمارتوں کی اہمیت رہی ہے ۔تاریخی عمارتوں سے تہذیب ،تمدن اور آرٹ کی عکاسی ہوتی ہے ۔ لیکن دور حاضرمیں جنگل کی آگ طرح پھیل رہی بستیوں کی وجہ سے کئی تاریخی عمارتیں منظرنامہ سے غائب ہوگئی ہیں اور بعض ارباب مجاز کی عدم دلچسپی اور تساہلی کے سبب خستہ حالی کی شکار ہیں ۔ کرناٹک کے رائچورکی ایک ایسی ہی تاریخی عمارت کی زبوں حالی کا دور ہے ۔ کرناٹک کے رائچور کی قدیم عمارت ایک مینار کا شمار ریاست کی تاریخی عمارتوں میں کیا جاتا ہے۔ جانکاروں کے مطابق اس مینارکو تقریبا چارسو سال قبل بہمنی سلاطین کے دور میں تعمیر کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ سلطان محمود  کے عہد میں رائچور کا قلعہ فتح ہونے پرملک عنبر نے فتح مینار کے نام سے یہ مینار تعمیر کیا تھا ۔ بعد میں مسجد ایک مینار تعمیر ہونے پراس کو ایک مینار سے جانا جانے لگا۔ دکن کی تاریخی کتاب تاریخ بیجاپورمیں بھی ایک مینار کے تعلق سے مختصر تذکرہ کیا گیا ہے ۔

جانکاروں کے مطابق عیدین کے موقع پر یہاں سے چاند دیکھا جاتا تھا اورآج بھی رویت ہلال کمیٹی اس روایت کو برقرار رکھے ہوئے ہے ۔ لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ رائچور کی عظمت رفتہ تصور کیا جانے والا یہ مینار آج خستہ حالی کا شکار ہوچکا ہے ۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ حال قریب میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے ایک مینار کی اوپری حصہ کی پتھر سے بنائی گئی گیلری کا ایک حصہ ٹوٹ کر نیچے گر گیا ۔ اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان تو نہیں پیش آیا لیکن شہر کے دانشوروں نے ارباب مجاز کے فوری حرکت میں نہ آنے پر ایک بڑے خطرہ کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ بتایا جا رہا ہے کہ مسجد کی انتظامی کمیٹی کے ارکان نے اس واقعہ سے ضلع انتظامیہ اور محکمہ وقف بورڈ کے عہدیداروں کو واقف کرایا ہے ۔ قابل غور بات یہ ہے کہ رائچور کے ایک مینار کی تاریخی عمارت محکمہ آثار قدیمہ اور وقف بور ڈ میں درج  ہے ۔ مقامی لوگوں نے ایک مینار کی مرمت کے لئے فوری حرکت میں آنے کی متعلقہ عہدیداروں سے مانگ کی ہے ۔ بصورت دیگراس تاریخی عمارت کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے ۔

کرناٹک کے رائچور میں تاریخی عمارت ایک مینارخستہ حال، گیلری کا ایک حصہ ٹوٹا

Loading...

Loading...

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز