آئندہ 5 سالوں میں ملک سے دہشت گردی اور نکسل ازم کا خاتمہ ہوجائے گا : وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ

Sep 17, 2017 09:11 PM IST | Updated on: Sep 17, 2017 09:11 PM IST

حیدرآباد: مرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے دوٹوک انداز میں واضح کیا کہ سردار پٹیل کی کوششوں کے نتیجہ میں ہی سابق ریاست حیدرآباد کا ہندوستان میں انضمام عمل میں آیا ۔ حیدرآباد ریاست کے ہند یونین میں انضمام کے دن کو بی جے پی کی جانب سے یوم نجات کے طورپر منایاگیا ۔ اس خصوص میں تلنگانہ کے نظام آباد ضلع میں ریاستی بی جے پی کی جانب سے جلسہ منعقد کیا گیا جس کو سنکلپ سبھا کانام دیا گیا۔

اس جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ سردار پٹیل کی وجہ سے ہی ہندوستان متحد ہوپایا ہے اور ان ہی کی کوششوں سے تلنگانہ ، ہندوستان کا حصہ بنا۔راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت ہندوستان کو کمزور نہیں کرسکتی۔ آج ہندوستان کا شمار دنیا کے طاقتور ممالک میں ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور میں لاکھوں کروڑروپے کی بدعنوانیاں کی گئیں ۔بدعنوانیوں میں ملوث اُس وقت کے وزرا اب بھی عدالتوں کے چکر کاٹ رہے ہیں۔

آئندہ 5 سالوں میں ملک سے دہشت گردی اور نکسل ازم کا خاتمہ ہوجائے گا : وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ

وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ: فائل فوٹو

انہو ں نے کہا کہ نریندر مودی کا بینہ کے ایک بھی وزیر پر بدعنوانیوں سے متعلق الزامات عائد نہیں ہوئے ۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آئندہ 5سال کے اندر ملک سے دہشت گردی اور نکسل ازم کا خاتمہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے بدعنوانیوں کا خاتمہ کیا گیا ہے ساتھ ہی مرکزی حکومت نے پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت ملک میں بے گھر تمام افراد کو سال 2022ء تک چھت فراہم کرنے کا عزم کیا ہے ۔ مہلک امراض پر غریبوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ وزیراعظم نے حلف برداری کے بعد ملک کے غریبوں کے لئے خود کو وقف کرنے کا عزم کیا تھا۔ اس تقریب میں مختلف ممالک کے سربراہوں کو مدعو کیا گیا تھا۔

پاکستان کے سربراہ کو بھی اس تقریب میں مدعو کیا گیا تھا تاکہ سفارتی طور پر تعلقات استوار کئے جاسکیں۔ تاہم پاکستان دہشت گردی کے ذریعہ ملک میں دہشت پھیلانا چاہتا ہے اور ملک کو کمزور کرنے کی سازش کررہا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک کو آزادی دلانے کے بعد 562ریاستوں کو متحد کرنا بڑا چیلنج تھا۔ یہ ریاستیں رجواڑے ہندوستان میں انضمام کے خواہشمند تھے لیکن نظام اسٹیٹ اپنی علیحدہ ریاست یا پاکستان میں شامل ہونے کے خواہشمند تھے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز