عازمین حج سے صرف مسلمہ ٹور آپریٹرز سے ہی رجوع کرنے کی اپیل ، یہاں دیکھ سکتے ہیں فہرست

Mar 29, 2017 07:27 PM IST | Updated on: Mar 29, 2017 07:29 PM IST

حیدرآباد : حج و عمرہ ٹورز آرگنائزرس ویلفیئر ایسوسی ایشن نے پرائیویٹ طور پر حج کا عزم رکھنے والے افراد سے خواہش کی ہے کہ وہ حج ٹور آپریٹرز کا انتخاب کرتے وقت احتیاط اور چوکسی کا مظاہرہ کریں اور اس بات کی طمانیت حاصل کرلیں کہ جس ٹور آپریٹر کا وہ انتخاب کررہے ہیں اس کو حکومت ہند نے حج کا کوٹہ الاٹ کیا ہے یا نہیں ،کیونکہ بعض ایجنٹس کی جانب سے ماضی میں دھوکہ دہی کے واقعات ہوچکے ہیں اورسادہ لوح افراد نہ صرف حج کی سعادت سے محروم ہوجاتے ہیں بلکہ اپنی محنت کی کمائی سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

ایسوسی ایشن کے ذمہ داروں محمد عبدالرزاق قمر صدر اور محمدسراج خان جنرل سکریٹری نے کہا کہ حج کمیٹی کی قرعہ اندازی ہوجانے کے بعد جن خواہش مند افراد کا نام نہیں آیا ہے وہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کا رخ کرتے ہیں جو ہر سال سفر حج کے انتظامات کرتے ہیں ،کیونکہ ان کوحکومت ہند حج کاکوٹہ الاٹ کرتی ہے۔ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض ادارے جن کو کوٹہ نہیں ملتاہے، وہ آگے آتے ہیں اور اپنے ادارے کی تشہیر کرتے ہوئے سیدھے سادے افراد سے ان کا پاسپورٹ اور رقم حاصل کرلیتے ہیں اور ان سے جھوٹے وعدے کرتے ہیں۔ جب سفر حج کا مرحلہ آتاہے تو یہ ایجنٹ لاپتہ ہوجاتے ہیں ۔ اس قسم کی دھوکہ دہی سے بچنے کے لئے یہ ضروری ہے کہ عازمین ہر قسم کی چھان بین کرلیں اور صرف مسلمہ آپریٹرز کو ہی رقم اور پاسپورٹ حوالے کریں تاکہ ان کے حج ویزا کی کارروائی مکمل ہوسکے۔

عازمین حج سے  صرف مسلمہ ٹور آپریٹرز سے ہی رجوع کرنے کی اپیل ، یہاں دیکھ سکتے ہیں فہرست

Picture : Twitter

ان ذمہ داروں نے مزید کہا کہ حکومت ہند نے پی ٹی اوز کے لئے ابھی حج کوٹہ کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن حکومت ہند کی پالیسی کے مطابق 2017 ء تک کیٹیگری I کے تمام ٹور آپریٹرز کو خود بخود حج کوٹہ الاٹ کردیا جائے گا ۔

کیٹیگری IIکے آٹھ آپریٹرز گزشتہ سال کوالیفائی ہوئے تھے، لیکن ان کو کوٹہ نہیں ملا تھا ،اس لئے ان کو بھی خود بخود کوٹہ مل جائے گا۔ جبکہ کیٹیگری IIکے دیگر ٹور آپریٹرز کاقرعہ کے ذریعہ انتخاب کیا جائے گا۔خواہش مند عازمین بلا جھجھک کیٹیگری Iکے ٹور آپریٹرز کے پاس اپنی نشست بک کرواسکتے ہیں جس میں ان کو کوئی جوکھم نہیں ہے ۔ دونوں ریاستوں کے جن مسلمہ ٹور آپریٹرز کو حج کوٹہ الاٹ ہوتا ہے ان کی فہرست ایسوسی ایشن کی ویب سائیٹ دیکھی جاسکتی ہے۔

علاوہ ازیں وزارت اقلیتی بہبود حکومت ہند کی ویب سائٹ کے علاوہ حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ پر بھی اس کی تصدیق و توثیق کی جاسکتی ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ گزشتہ سال ریاست تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے لئے وزارت خارجہ حکومت ہند کی جانب سے جملہ 32 پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کو 2128 کا کوٹہ الاٹ کیا گیاتھا جس میں سے ریاست تلنگانہ کے 25پی ٹی اوز کو 1734 نشستوں کا کوٹہ الاٹ ہوا تھا۔

اس سال تلنگانہ کے پی ٹی اوزکا کوٹہ بڑھ کر 2100تک ہوجا نے کی توقع کی جارہی ہے۔ سال 2016 میں کیٹیگریI کے تحت شہر حیدرآباد کے 11ٹور آپریٹرز کو فی کس 94نشستوں کا کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا۔کیٹیگری IIکے تحت گزشتہ سال آندھرا اور تلنگانہ کے20 ٹور آپریٹرز کو فی کس 50نشستوں کا کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا۔چونکہ ریاست تلنگانہ کو پرائیویٹ آپریٹرز کو الاٹ کیا جانے والا کوٹہ بہت ہی کم ہے اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ ہم کو ریاست میں مسلمانوں کی آبادی کے تناسب سے کوٹہ الاٹ کیا جائے اس طرح ہم زیادہ سے زیادہ عازمین کی خدمت کرسکیں گے۔ ان ذمہ داروں نے پولیس کمشنر سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ عوام میں شعور بیدار کرنے اور بوگس ایجنٹوں کی دھوکہ دہی سے عوام کو بچانے کے لئے سخت اقدامات کریں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز