بنگلورو : کرناٹک کے وزیر اعلی ایچ ڈی کمار سوامی نے پیر کو کہا کہ انہیں ریاست کے مختلف معاملات کا نمٹارہ کرنے کیلئے وقت چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عجیب حالات میں اس حکومت کی تشکیل ہوئی ہے ، مجھے وقت چاہئے ، میں چیزوں کو فوری طور پر بدلنے کیلئے جادو نہیں کرسکتا ۔
انہوں نے گورنر کے خطاب پر بحث کےد وران ممبران اسمبلی کے ذریعہ اٹھائے گئے معاملات کا حوالہ دیا ۔ بحث کے دوران کمار سوامی اور اپوزیشن لیڈر بی ایس یدی یورپا کے درمیان زبردست تکرار بھی ہوئی ۔ یدی یورپا نے حکومت سازی کیلئے کانگریس - جے ڈی ایس اتحاد کی تنقید کی۔

کمار سوامی ۔ فائل فوٹو
کمار سوامی نے کہا کہ حکومت نے انسانیت کے ساتھ سماج کے ہر طبقہ کی مدد کیلئے کام کرنا شروع کردیا ہے۔ بی جے پی کی جانب سے اتحاد کو ناپاک اور لوگوں کے ساتھ دھوکہ بتانے پر انہوں نے کہا کہ ان کو ڈر ہے کہ الیکشن پھر ہوسکتے ہیں جو بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد کی حکومت برقرار رہے گی اور موثر طریقہ سے حکومت کام کرے گی۔