کرناٹک کے وزیر ایچ ایس مہادیوپرساد کا اچانک انتقال، وزیراعلیٰ نے گہرے دُکھ کا اظہار کیا

Jan 03, 2017 05:33 PM IST | Updated on: Jan 03, 2017 06:32 PM IST

بنگلورو۔ کرناٹک کے کابینہ وزیر ایچ ایس مہادیوپرساد کا آج صبح دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا ـ 58 سالہ ایچ ایس مہادیوپرساد چامراج نگر ضلع گنڈل پیٹ کے رکن اسمبلی تھے اور وزیر اعلیٰ سدرامیا کے قریبی ساتھی بھی تھے ـ نجی پروگرام میں شرکت کرنے کی غرض سے مہادیوپرساد چک منگلور کے دورہ پر تھے کہ چک منگلور کے سیرائی ریسارٹ میں اچانک دل کا دورہ پڑ گیا اور آج صبح 8.30 بجے وہ چل بسے ـ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے اپنے قریبی ساتھی کی موت پر گہرے رنج کا اظہار کیا اور مہادیوپرساد کی لاش کو میسور لانے کی ہدایت دیتے ہوئے وہ خود بھی بنگلورو سے میسور کے لئے روانہ ہوگئے ـ

کرناٹک کے وزیر کوآپریشن ایچ ایس مہادیوپرساد کے انتقال کی خبرملتے ہی وزیر اعلیٰ سدرامیا کی آنکھوں سے آنسو نکل پڑے ـ اپنے فرزند کے انتقال کے موقع پر وزیر اعلیٰ سدرامیا کی آنکھوں سے آنسو نکلے تھے اب اپنے قریبی ساتھی کے کھوجانے کے غم میں وزیر اعلیٰ سدرامیا کی آنکھیں  نم ہوگئیں ـ  ریاستی وزیر ایچ ایس مہادیوپرساد کے انتقال کے پیش نظر کابینہ کی ایمرجنسی میٹنگ طلب کی گئی ہے۔

کرناٹک کے وزیر ایچ ایس مہادیوپرساد کا اچانک انتقال، وزیراعلیٰ نے گہرے دُکھ کا اظہار کیا

وزیر اعلیٰ سدرامیا نے میڈیا کو بتایا کہ ایچ ایس مہادیوپرساد سے ان کا گہرا تعلق تھا ـ دونوں نے مل کر نئے سال کا جشن منایا تھا ـ انہوں نے خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ وہ ایک اچھے ساتھی کو اتنی جلدی کھودیں گے ـ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے بتایا کہ مہادیو پرساد کو کوئی بھی ذمہ داری دی جاتی تو وہ بخوبی نبھاتے تھے ـ کرناٹک نے آج ایک اچھے وزیر کو کھودیا ہے ـ ان کے انتقال سے پارٹی کو بڑا نقصان پہنچا ہے ـ انہوں نے کہا کہ کابینہ کی ایمرجنسی میٹنگ طلب کرکے اس میٹنگ میں ایچ ایس مہادیوپرساد کو خراج عقیدت پیش کیا جائیگا ـ

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز