باغپت سانحہ : ٹرینوں میں مارپیٹ کے واقعات پر ریلوے سخت کارروائی کرے : اسدالدین اویسی

حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ و صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین بیرسٹراسدالدین اویسی نے کہا ہے کہ بی جے پی اور کانگریس دونوں اہم سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کمزور طبقات کو ریزرویشن فراہم کرنے کے اقدامات کریں ۔

Nov 23, 2017 08:33 PM IST | Updated on: Nov 23, 2017 08:34 PM IST

حیدرآباد: حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ و صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین بیرسٹراسدالدین اویسی نے کہا ہے کہ بی جے پی اور کانگریس دونوں اہم سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کمزور طبقات کو ریزرویشن فراہم کرنے کے اقدامات کریں ۔ دستور کی دفعہ 15,16کے تحت سماجی اور تعلیمی طور پر پسماندہ طبقات کو ریزرویشن فراہم کرنے کا جواز موجود ہے ۔ بی جے پی اکثریتی طبقہ کی خوشامد کررہی ہے اور دوسری جانب اپنا سیاسی فائدہ اٹھاتے ہوئے اقدامات کررہی ہے۔ پٹیلوں ‘گجروں ‘جاٹوں اور مرہٹوں کو ریزرویشن فراہمی کے مسلمان مخالف نہیں ہیں۔ جو بھی پسماندہ ہیں انہیں ریزرویشن دیئے جاسکتے ہیں۔ ہمارا یہ مطالبہ ہے کہ سماجی ‘ تعلیمی پسماندگی کی بنیاد پر مسلمانوں کو ریزرویشن دیئے جائیں جبکہ اس کی حمایت میں مختلف رپورٹس موجود ہیں۔

انہوں نے پارٹی ہیڈکوارٹرس دارالسلام میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گجرات میں کانگریس نے طے کیا ہے کہ وہ پٹیلوں کو ریزرویشن فراہم کرے گی۔ بی جے پی نے فیصلہ کیا ہے کہ پٹیلوں کو ای بی سی کوٹہ میں 10فیصد ریزرویشن دے گی ۔ اسی طرح بی جے پی نے ہریانہ میں جاٹوں کو ‘راجستھان میں گجروں کو اور مہاراشٹرا میں مرہٹوں کو ریزرویشن کا وعدہ کیا ہے ۔صدر مجلس نے بی جے پی اور کانگریس دونوں جماعتوں سے کہا کہ یہ دونوں کی دستوری ذمہ داری ہے کہ جو زیادہ سماجی ‘معاشی اور تعلیمی پسماندہ ہیں انہیں ریزرویشن دیئے جائیں۔

باغپت سانحہ : ٹرینوں میں مارپیٹ کے واقعات پر ریلوے سخت کارروائی کرے : اسدالدین اویسی

مجلس اتحاد المسلمین سربراہ اسد الدین اویسی

صدر مجلس نے بی جے پی اور کانگریس دونوں جماعتوں سے سوال کیا کیا گجرات کے مسلمان پٹیلوں سے زیادہ ترقی یافتہ اور آگے ہیں؟ انہوں نے بی جے پی سے سوال کیا کہ کیا راجستھان کے مسلمان گجروں سے زیادہ ترقی یافتہ اور آگے ہیں ؟ اسی طرح کیا ہریانہ کے مسلمان جاٹوں سے زیادہ ترقی یافتہ ہیں ‘ کیا مہاراشٹرا کے مسلمان مرہٹوں سے زیادہ ترقی یافتہ ہیں۔اگر مسلمان ان طبقات سے زیادہ ترقی یافتہ ہیں تو پھر اس کی تائید میں انہیں اعداد و شمار پیش کئے جانے چاہئیں۔ مسلمانوں کی پسماندگی کی تائید میں سچر کمیٹی ‘ رنگناتھ مشرا کمیٹی ‘ امیتابھ کنڈو کمیٹی کی رپورٹس ‘نیشنل سیمپل سروے رپورٹ اور 2011کی مردم شماری کی رپورٹ بھی موجود ہے۔

ان تمام رپورٹس کے باوجود بی جے پی اور کانگریس مسلمانوں کو بااختیار بنانے کی بات نہیں کررہی ہے۔جب کبھی ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ مسلمانوں کو ریزرویشن فراہم کئے جائیں تو بی جے پی اور سنگھ پریوار کا یہ کہنا ہوتا ہے کہ مذہب کے نام پر ریزرویشن نہیں دیئے جاسکتے ۔ ہم بھی ریزرویشن کا مطالبہ مذہب کی بنیاد پر نہیں کررہے ہیں ۔ ہمارا یہ مطالبہ ہے کہ مسلمانوں میں جو پسماندہ ہیں انہیں ریزرویشن فراہم کئے جائیں۔ بیرسٹراسداویسی نے کہا کہ بہار کے پسماندہ مسلمانوں کو ریزرویشن مل رہے ہیں وہاں بی جے پی حکومت ہے ‘کرناٹک میں پانچ سال یدی یورپا اقتدار میں تھے وہاں مسلمانوں کو ریزرویشن مل رہے ہیں اس سے ثابت ہورہا ہے کہ جو سماجی و تعلیمی طور پر پسماندہ ہیں انہیں ریزرویشن دیئے جارہے ہیں

Loading...

صدر مجلس نے کہا کہ اس ملک کی 14فیصد آبادی اگر سماجی ‘ معاشی اور تعلیمی طور پر پسماندہ رہے گی تو ملک ہرگز طاقتور اور مضبوط نہیں ہوسکتا ۔ اس لئے ضروری ہے کہ ریزرویشن کے موضوع پر مباحث کئے جائیں اور پسماندگی کی بنیاد پر پسماندہ مسلمانوں کو ریزرویشن دیئے جائیں۔ کب تک اس طرح کی سیاست کی جائے گی اور کب تک مسلمانوں کو کنارہ پر رکھا جائے گا۔

بیرسٹراسدالدین اویسی نے اترپردیش میں ٹرین میں علماء کو مارپیٹ کے مسئلہ پر وزارت ریلوے پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ جب تک وزیرریلوے سخت کارروائی نہیں کریں گے تب تک یہ واقعات نہیں رکیں گے ۔ ریلوے پولیس جب تک حرکت میں نہیں آئے گی اس وقت تک ان واقعات پر قابو نہیں پایا جاسکے گا۔ صدر مجلس نے کہا کہ آئے دن اس طرح کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ حافظ جنید کو رمضان المبارک میں عید کے ایک دن قبل ماراپیٹا گیا جبکہ وہ ٹرین سے واپس ہورہے تھے ۔ حافظ جنید کی جان لے لی گئی اس کے باوجود ریلوے پولیس حرکت میں نہیں آئی ۔

وزیرریلوے اس طرح کے ملزمین کے خلاف کارروائی کے لئے تیار نہیں ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس طرح کے واقعات پر سخت ایکشن لیا جائے۔ٹرینوں میں مارپیٹ کے بہت سارے واقعات رپورٹ نہیں کئے جارہے ہیں۔ ٹرینوں میں نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ ان واقعات پر اسی وقت روک لگے گی جب سخت کارروائی کی جائے گی۔

Loading...

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز