ملک کی معیشت تباہ ہورہی ہے اور وزیر اعظم خواب بیچ رہے ہیں ، یشونت سنہا نے آئینہ دکھایا : اسد الدین اویسی

Sep 27, 2017 09:53 PM IST | Updated on: Sep 27, 2017 09:53 PM IST

حیدرآباد: حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ و صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے کہا ہے کہ ایک طرف ملک کی معیشت تباہ ہورہی ہے تو دوسری طرف وزیراعظم نریندر مودی خواب بیچ رہے ہیں ۔ انہوں نے سوال کیا کہ وزیراعظم یہ بتائیں کہ وہ کون سے خواب بیچ رہے ہیں اور کون سے خواب دکھارہے ہیں؟انہوں نے سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کی جانب سے مودی حکومت پر کی گئی نکتہ چینی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یشونت سنہا ایک بیوروکریٹ کے ساتھ ساتھ بی جے پی کے مارگ درشک اور سابق مرکزی وزیر بھی رہے ہیں ۔وہ بی جے پی حکومت کو آئینہ دکھارہے ہیں۔اس کے باوجود اگر بی جے پی حکومت ہوش کے ناخن نہیں لیتی ہے تو یہ مناسب نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ یشونت سنہا کے بیان کو تکنیکی وجوہات قرار دیا جارہا ہے۔حکومت برآمد کرنے والوں کے 65ہزار کروڑروپئے ادا کرنے کے موقف میں نہیں ہے۔ملک کا تعمیراتی شعبہ ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے۔چھوٹی اور اوسط درجہ کی صنعتیں بند ہوگئی ہیں۔نوجوانوں کے لئے روزگار نہیں ہے ۔آخر وزیراعظم ملک کو کون سے خواب دکھانا چاہتے ہیں اور کون سے خواب بیچ رہے ہیں؟ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ نوٹ بندی سے ملک کی معیشت کو کافی نقصان ہوا اور جی ایس ٹی سے بھی لوگوں کوکافی مشکلات کا سامنا کرناپڑ رہا ہے۔نہ صرف یشونت سنہا بلکہ سبرامنیم سوامی نے بھی دبے الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ ملک کی معیشت متاثر ہورہی ہے۔

ملک کی معیشت تباہ ہورہی ہے اور وزیر اعظم  خواب بیچ رہے ہیں ، یشونت سنہا نے آئینہ دکھایا : اسد الدین اویسی

مجلس اتحاد المسلمین سربراہ اسد الدین اویسی

بی جے پی کے ایک سرکردہ نظریہ ساز نے بھی کہا ہے کہ ملک کی معیشت ڈوب رہی ہے۔تمام افراد کے کہنے کے باوجود بادشاہ سلامت(مودی )ماننے کے لئے تیار نہیں ہیں ۔بادشاہ سلامت(مودی )یہ سمجھتے ہیں کہ وہ خواب بیچ دیں گے ، جملہ بازی کردیں گے اور لوگ واہ واہ کریں گے۔ صدر مجلس نے کہاکہ نجی شعبہ کے لوگوں کا ماننا ہے کہ دو سال تک حالات میں سدھار ممکن نہیں ہے۔آنے والے دنوں میں مزید پریشان کن حالات سے ہم کو گزرنا ہے۔انہوں نے ملک کے مختلف شعبوں میں ماہرین معاشیات پر بھی نکتہ چینی کی اور کہا کہ ہر طرف ماہر معاشیات نظر آرہے ہیں۔نیتی آیوگ میں ماہرین معاشیات ہیں،اکنامک اڈوائزری کونسل میں ماہرین معاشیات ہیں،وزیر فائنانس خود بڑے ماہرمعاشیات ہیں،آربی آئی کی مانیٹرنگ کمیٹی میں ماہرین معاشیات ہیں۔کتنے لوگ مل کر ملک کی معیشت کو پکائیں گے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی قابلیت ایک طرف ہے لیکن وہ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ ہی قابل ہیں اور ان ہی کی بات مانی جائے ۔

صدر مجلس نے کہا کہ وزیراعظم گجرات ماڈل کی بات کرتے ہیں ۔بی جے پی نے سوشلزم اختیار کر لیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی کو مشورہ دیا کہ وہ سیکولرازم بھی اختیار کرلے۔انہوں نے سوال کیا کہ گجرات میں سماجی اور معاشی طورپر پسماندہ مسلمانوں کو ریزرویشن کیوں نہیں دیئے جاتے ؟ صدر مجلس نے بنارس ہندو یونیورسٹی میں پیش آئے واقعہ پر کہا کہ اگر کوئی بھی حکومت طلبہ برادری کو تنگ کرتی ہے اور حکومت ان کی آواز کو دبانے کی کوشش کرتی ہے تو ان کا سیاسی مستقبل زیادہ دنوں تک نہیں چلتا ۔انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی کے ویثرولس کو ساری دنیا نے دیکھا ۔ اس یونیورسٹی میں لڑکیوں کو پیٹا گیا ۔یہ واقعہ کافی بدبختانہ ہے ۔یہ ایک سیاہ دن رہا ہے ۔

انہوں نے حیدرآباد میں نابالغ لڑکیوں کی معمر عرب شہریوں سے ہورہی کنٹریکٹ شادیوں کے مسئلہ پر کہا کہ پولیس اچھا کام کر رہی ہے اور ایسے واقعات کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے روہنگیا مسلمانوں کے تعلق سے مرکز کی پالیسی پر بھی نکتہ چینی کی اور کہا کہ یہ ہندو یا مسلمان کا نہیں بلکہ انسانیت کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب ملک میں سری لنکا کے تمل باشندوں کو جگہ دی جاسکتی ہے اور پاکستان اور افغانستان کے لوگوں کو ملک میں رہنے کی اجازت دی جاسکتی ہے تو پھر روہنگیا مسلمانوں کو اس کی کیوں اجازت نہیں دی جاسکتی ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی کے مسئلہ کو روہنگیا مسلمانوں سے جوڑنا نامناسب ہے اور گزشتہ دو سال کے دوران حکومت ایک بھی درج کی گئی ایف آئی آر ان روہنگیا مسلمانوں کے خلاف دکھادے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز