تمل ناڈو سیاسی بحران معاملہ: پنیرسیلوم نے دکھائی طاقت، مزید 5 ارکان پارلیمنٹ کی ملی حمایت

Feb 12, 2017 10:02 PM IST | Updated on: Feb 12, 2017 10:02 PM IST

چنئی۔  کارگزار وزیراعلی تمل ناڈو او پنیر سیلوم کو آج اس وقت تقویت حاصل ہوئی جب پارٹی کے 5 مزید ارکان پارلیمنٹ نے جن میں 2 اداکار اور پارٹی کے اسٹار مہم جو بھی ہیں‘ ان کی حمایت کا اعلان کردیا۔ انا ڈی ایم کے قیادت کے خلاف پرچم بغاوت بلند کرنے کے بعد سے سیلوم کے حق میں وفاداری بڑھتی جارہی ہے۔ 4 ارکان پارلیمنٹ اور وزیر اسکولی تعلیم ایم ایف پانڈیا راجن نے کل سیلوم کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ لوک سبھا کے مزید 4 اور راجیہ سبھا کے ایک رکن نے پارٹی جنرل سکریٹری ششی کلا سے دوری اختیار کرلی اور سیلوم سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے وفاداری کا عہد کیا۔ اس طرح ان کی حمایت کرنے والے ارکان پارلیمنٹ کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔

ششی کلا سے بغاوت کرتے ہوئے ان کی کشتی میں سوار ہونے والے 5 ایم پیز نٹرجی‘ سنگوتون‘ مرتھواراجہ‘ ایس راجندرن اور راجیہ سبھا کے رکن ڈاکٹر آر لکشمنن ہیں۔ لکشمنن اور راجندرن نے سیلوم کی قیامگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنیرسیلوم کو عوامی حمایت حاصل ہے اور دعویٰ کیا کہ مزید ارکان پارلیمنٹ ششی کلا کو چھوڑ کر سیلوم کے کیمپ میں شامل ہوجائیں گے۔ ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ اداکار اور پارٹی کے اہم مہم جو‘ راماراجن اور سابق وزیر سمکیات جئے پال‘ سابق وزیر کھادی پوناچی‘ ایروڈ کے سابق میئر ملیکا نے بھی سیلوم سے ان کے گھر پر ملاقات کی اور فراخدلانہ تائید کا اعلان کیا۔ اسی دوران ششی کلا کے کیمپ نے کہا کہ وہ اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کے لئے تیار ہے۔ پوئس گارڈن رہائش گاہ کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ششی کلا کے حامی رکن راجیہ سبھا آر ویتی لنگم نے کہا کہ گورنر کو چاہئے کہ تشکیل حکومت کیلئے چنما کو مدعو کریں۔ انہیں اکثریت حاصل ہے۔

تمل ناڈو سیاسی بحران معاملہ: پنیرسیلوم نے دکھائی طاقت، مزید 5 ارکان پارلیمنٹ کی ملی حمایت

انہوں نے گورنر سے ملاقات کے لئے وقت مانگا ہے‘ جواب کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر راج بھون سے جواب نہیں ملا تو وہ مستقبل کا منصوبہ بنائیں گے۔ ششی کلا کے ایک اور حامی اور رکن اسمبلی ٹی ٹی سیلون نے کہا کہ پارٹی جنرل سکریٹری کو 128 ایم ایل ایز کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے یہ بات تفریحی مقام کواتور میں صحافیوں سے کہی جہاں پارٹی میں بغاوت کے بعد سے ارکان اسمبلی کو رکھا گیا ہے تاکہ ان کی وفاداری سیلوم کے حق میں جانے سے روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ارکان کو گورنر‘ صدر جمہوریہ یا کسی کے روبرو حاضر کرنے کے لئے تیار ہیں۔ اسی دوران ششی کلا نے رکن راجیہ سبھا لکشمنن کو پارٹی کے عہدہ سے برطرف کردیا اور ان کی جگہ وزیر قانون شان مبہم کو مقرر کیا۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز