حیدرآباد کے سالارجنگ میوزیم میں ملک کی اپنی نوعیت کی پہلی اسلامک آرٹ گیلری

شہر حیدرآباد کے مشہور سالارجنگ میوزیم میں اسلامک آرٹ گیلری کا کام تیزی سے جاری ہے اور توقع ہے کہ اس سال کے اواخر تک اسے عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔ اس گیلری میں ایک ہی چھت تلے اسلامی فنون سے متعلق اشیاء کو رکھا جائے گا

Jan 24, 2017 10:56 PM IST | Updated on: Jan 24, 2017 10:56 PM IST

حیدرآباد: ایک ایسے وقت جب تلنگانہ کے وزیراعلیٰ چندر شیکھر راؤ نے شہر حیدرآباد کے منی کونڈہ میں اسلامک سنٹر کے قیام کا منصوبہ بنایا ہے۔باشندگان حیدرآباد عنقریب اسی طرز کے ایک اور پروجیکٹ کو دیکھ سکیں گے۔ شہر حیدرآباد کے مشہور سالارجنگ میوزیم میں اسلامک آرٹ گیلری کا کام تیزی سے جاری ہے اور توقع ہے کہ اس سال کے اواخر تک اسے عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔ اس گیلری میں ایک ہی چھت تلے اسلامی فنون سے متعلق اشیاء کو رکھا جائے گا۔

میوزیم کے مشرقی بلاک کی دوسری منزل اس کے کاموں کا مرکز بنی ہوئی ہے کیونکہ مزدور 2500 سے زائد اشیاء کی نمائش کے لئے بڑے ڈسپلے پینلس لگانے میں مصروف ہیں۔ یہ اشیاء موجودہ طور پر مختلف گیلریز میں پھیلی ہوئی ہیں۔ سالارجنگ میوزیم کے حکام ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی 26 ہزار مربع فٹ کی گیلری کی تیاری پر 4 کروڑ روپئے صرف کر رہے ہیں۔ میوزیم میں اس اسلامی گیلری کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔ میوزیم کی تاریخی اہمیت کی حامل اشیاء ہندوستانی فنون‘ مشرقی وسطیٰ کے فنون‘ یوروپی اور مشرق بعید کی اشیاء کے ذخیرہ کی زمرہ بندی کی گئی ہے۔ ان تمام اشیاء کو ایک ہی مقام پر اسلامی فنون کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ فنون کے ماہر تلواروں‘ پارچہ جات‘ مخطوطات‘ جائے نمازیں‘ قالین‘ مقدس قرآن مجید کے نسخوں‘ ریحلوں‘ چینی مٹی کے برتن‘ کانچ کی اشیاء اور قرآنی نقوش کا نئی گیلری میں مشاہدہ کرسکیں گے۔

حیدرآباد کے سالارجنگ میوزیم میں ملک کی اپنی نوعیت کی پہلی اسلامک آرٹ گیلری

سالارجنگ میوزیم کے کتب خانہ میں مختلف زبانوں کے 9 ہزار مخطوطات‘ 56 ہزار سے زائد کتابیں‘ 2600 عربی مخطوطات‘ 4800 فارسی‘ ایک ہزار اردو‘ 25 ترکی اور تقریباً 1400 خطاطی کے نمونے ہیں۔ میوزیم میں کوفی‘ نسخ‘ ریحان اور دیگر خط (اسکرپٹ) میں لکھے ہوئے قرآن مجید کے قدیم نسخے ہیں جو کافی مشہور ہیں۔ قرآن شریف کی ریحال دیکھنے سے تعلق رکھتی ہیں۔

نویں صدی سے تعلق رکھنے والی کوفی خط میں بکری کی کھال پر لکھی گئی آیات نادر خطاطی کے کام کو ظاہر کرتی ہے۔ 2-3 سنٹی میٹر کی چھوٹی قرآن مجید کا نسخہ جو 31 کاغذ کی شیٹس سے تیار کی گئی ہے دیکھنے لائق ہے۔ یہ کاغذ موڑے جاسکتے ہیں۔ ایسی چھوٹی قرآن مجید کے دو نسخے ہیں جن میں سے ایک سالارجنگ میوزیم ہے جبکہ دوسرا ایران میں ہے۔ میوزیالوجی کی معلومات اور اسلامی پس منظر رکھنے والے افراد جو میوزیم کے کلکشن سے ان اسلامی فنون سے متعلق اشیا کو اسلامک آرٹ گیلری میں ایک جگہ رکھ سکتے ہیں‘ کی تلاش کی جارہی ہے۔ نئی گیلری میں نمائش کے ہال کے لئے بھی جگہ بنائی گئی ہے۔

Loading...

دیگر میوزیم صرف اسلامی اشیاء کی نمائش کرتے ہیں لیکن یہاں پر ایک ہال کے لئے بھی گنجائش رکھی گئی ہے۔ یہاں تک کہ اسلامی آرٹ سے متعلق نجی اشیاء کی بھی نمائش کی جاسکتی ہے۔

Loading...

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز