مرکزی حکومت میری آواز کو دبانا اور میرے قلم کو روکنا چاہتی ہے: چدمبرم کا سخت ردعمل

May 16, 2017 03:16 PM IST | Updated on: May 16, 2017 03:16 PM IST

نئی دہلی/چنئی۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر پی چدمبرم نے اپنے اور اپنے بیٹے کارتی چدمبرم کے چنئی میں واقع رہائش گاہ سمیت کئی دیگر ٹھکانوں پر مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی) کے چھاپے مارنے کی کارروائی پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت ان کی آواز کو دبانا اور ان کے قلم کو روکنا چاہتی ہے۔ یہ چھاپے آئی این ایکس میڈیا گروپ کو غیر ملکی سرمایہ کاری کی منظوری دلانے کےمعاملے میں کارتی چدمبرم کے مبینہ طورپر ملوث ہونے کے ضمن میں مارے گئے ہیں۔ گزشتہ 17اپریل کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی)نے 40کروڑ روپے سے بھی زیادہ سے منسلک فورن ایکسچینج میجنمنٹ ایکٹ (فیما)کی خلاف ورزی کے سلسلے میں کارتی چدمبرم اور ان سے مبینہ طورپر متعلق کمپنی کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا تھا۔ ان کے خلاف ایئرسیل-میکسس کیس میں منی لانڈرنگ کے الزامات کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔

مسٹر چدمبرم نے ایک بیان جاری کرکے کہا ،’’مرکزی حکومت سی بی آئی اور دیگر ایجنسیوں کا استعمال میرے بیٹے اور اس کے دوستوں کے خلاف کررہی ہے۔‘‘ سابق مرکزی وزیر نے کہا،’’حکومت کا ارادہ میری آواز کو بند کرنا اور مجھے لکھنے سے روکنا ہے جیسا کہ اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران ،صحافیوں ،کالم لکھنے والوں،غیر سرکاری تنظیموں اور سول سوسائٹی اداروں کے معاملوں میں کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ’’ میں بولنا اور لکھنا جاری رکھوں گا۔‘‘

مرکزی حکومت میری آواز کو دبانا اور میرے قلم کو روکنا چاہتی ہے: چدمبرم کا سخت ردعمل

پی چدمبرم اور ان کے بیٹے کارتی چدمبرم

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز