سوسائٹی کی کامیابی میں خواتین کا رول سب سے اہم ہوتا ہے: حامد انصاری

کالی کٹ۔ انصاف اور برابری کو معاشرہ کی کامیابی کے لئے ضروری قرار دیتے ہوئے سابق نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری نے کہا کہ صنفی مساوات کے بغیر کوئی بھی معاشرہ کامیاب نہیں ہوسکتا ہے۔

Sep 23, 2017 06:10 PM IST | Updated on: Sep 23, 2017 06:10 PM IST

کالی کٹ۔  انصاف اور برابری کو معاشرہ کی کامیابی کے لئے ضروری قرار دیتے ہوئے سابق نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری نے کہا کہ صنفی مساوات کے بغیر کوئی بھی معاشرہ کامیاب نہیں ہوسکتا ہے اور سماج اور سوسائٹی کی کامیابی میں خواتین کا رول سب سے اہم ہوتا ہے۔ انسانی معاشرہ کی تشکیل میں خواتین کا کردارکے عنوان پرآج یہاں انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کے زیراہتمام منعقدہ دوروزہ بین الاقوامی سمینار کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قرآن کریم اور احادیث میں جگہ جگہ خواتین کی اہمیت بیان کی گئی ہے اور انہیں ان کا حق دینے کا پابند بنایا گیا ہے۔

مسٹر انصاری نے کہا کہ آج 60 فیصد خواتین اور لڑکیاں فاقہ کشی کا شکار ہیں،70 فیصد سے زائد خواتین کے ساتھ مسائل کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم سماج کو کامیاب بنانے اور بہتر معاشرہ کی تشکیل دینے کیلئے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنی ہوگی ،انہوں نے قرآن کریم کی آیت کریمہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی اس قوم کی حالت نہیں بدلتا ہے جو قوم خود کو نہیں بدلتی ہے۔

سوسائٹی کی کامیابی میں خواتین کا رول سب سے اہم ہوتا ہے: حامد انصاری

انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کے زیراہتمام کیرالہ کے کالی کٹ میں منعقدہ دوروزہ بین الاقوامی سمینار میں اسٹیج پر بیٹھے سابق نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری، آئی او ایس کے چئیرمین ڈاکٹرمنظور عالم اور دیگر مہمانان: فوٹو شمس تبریز قاسمی کے فیس بک پیج سے۔

انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کے چیرمین ڈاکٹر منظور عالم نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ دنیا میں ہماری ماں سے بہتر اور مقدس ہمارے لئے کوئی اور چیز نہیں ہے ،ان کے حقوق کا تحفظ ہمارے لئے ضروری ہے ،اگر کوئی ہماری ماں ہے تو یقینی طور پر وہ کسی کی اہلیہ ہے جس کا مطلب ہے اہلیہ کے حقوق کا بھی تحفظ ضروری ہے ،اسی طرح وہ کسی کی بہن اور کسی کی دادی یا نانی ہے اور اس طر ح ہم پر ان کی خدمت اوران کا احترام لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ کو بہتر بنانے کیلئے خواتین کا تعلیم یافتہ ہونا بیحد ضروری ہے ،اسلام ہم سے مطالبہ کرتا ہے کہ خواتین معاشرہ کو بہتر بنانے میں اپنا کلیدی رول اداکریں اور اس کیلئے ہمیں خواتین کو بااختیار بناناہوگا۔

اس موقع پر ڈاکٹر حامد انصاری کے ہاتھوں آئی او ایس کی کتاب ایمپاورنگ وویمن اسٹریٹیجز اینڈ پیرا ڈائنس کا اجرا بھی عمل میں آیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرنے والوں میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی رکن محترمہ اے ایس زینب،ناول نگار محترمہ سلمی، پروفیسر پی کو یا، آئی پی یونیورسیٹی دہلی کے پروفیسر افضل وانی اورپروفیسر اشتیاق دانش شامل تھے۔ اس دو روزہ سیمینار میں ملک وبیرون ملک سے متعدد خواتین اسکالر اور ماہرین اپنا مقالہ پیش کریں گے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز