پاکستان میں خودکش حملہ، 6 افراد ہلاک، 18 زخمی

Apr 05, 2017 04:25 PM IST | Updated on: Apr 05, 2017 04:25 PM IST

لاہور۔  پاکستان کے مشرقی شہر لاہور میں آج فوج کی ایک گاڑی کے پاس ہوئے خودکش بم دھماکہ میں چھ افراد ہلاک اور 18 دیگر زخمی ہوگئے۔ اس حملہ کے ذمہ داری پاکستانی طالبان نے لی ہے۔ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) جسے پاکستانی طالبان بھی کہا جاتا ہے، نے ایک بیان جاری کرکے اس حملے کی ذمہ داری لی ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بیدیاں روڈ پر مردم شماری ٹیم پر ہونے والے خودکش حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 جوانوں سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہوگئے۔

پنجاب حکومت کے ترجمان ملک احمد خان نے اس کی تصدیق کی کہ مانا والا چوک کے قریب ہونے والا دھماکا خودکش تھا جس میں مردم شماری کے عملے کو نشانہ بنایا گیا۔ خیال رہے کہ مانا والا چوک پر ہونے والے اس دھماکے کو ابتدائی طور پر وین میں سلینڈر دھماکا قرار دیا گیا تھا تاہم پنجاب حکومت کے ترجمان نے دھماکے کے خودکش ہونے کی تصدیق کردی۔ واضح رہے کہ طویل تاخیر اور کئی سیاسی و انتظامی پیچیدگیوں کا سامنا کرنے کے بعد ملک میں 19 سال بعد 15 مارچ سے مردم شماری کا آغاز ہوا ہے۔ مردم شماری کا پہلا مرحلہ 15 اپریل تک مکمل ہوجائے گا، جبکہ دوسرے مرحلے کا آغاز 25 اپریل سے ہوگا جو 25 مئی تک جاری رہے گا۔ پہلے مرحلے میں ملک کے 63 اضلاع میں ہونے والی مردم شماری میں 1 لاکھ 75 ہزار فوجی اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے، جو شمار کرنے کے ساتھ ساتھ سروے کرنے والے عملے کو سیکیورٹی فراہم کرنے پر مامور ہیں۔

پاکستان میں خودکش حملہ، 6 افراد ہلاک، 18 زخمی

تصویر: رائٹرز

ریسکیو  کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق شہید ہونے والے 4 جوانوں میں پاک فوج کے 3 اہلکار شامل تھے جبکہ ایک اہلکار کا تعلق پاک فضائیہ سے تھا۔ پاکستان ایئرفورس کا اہلکار چھٹیوں پر تھا اور خودکش دھماکے کے وقت بیدیاں روڈ سے گزر رہا تھا۔

دھماکے کے نتیجے میں قریب کھڑی گاڑیوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو سی ایم ایچ اور جنرل ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو ادارے جائے وقوع پر پہنچے جبکہ تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔ کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال کا دورہ کیا اور دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ہر جگہ جاری رہے گا اور انہیں دھماکے میں شہید ہونے والے جوانوں پر فخر ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز