افغانستان : قندھار میں فوجی کیمپ پر طالبان کا حملہ ، 43 فوجیوں کی موت ، ہندوستان نے کی شدید مذمت

Oct 19, 2017 07:31 PM IST | Updated on: Oct 19, 2017 07:33 PM IST

کابل: افغانستان کے صوبہ قندھار میں ایک فوجی اڈے پر طالبان شدت پسندوں کے حملے میں کم ازکم 43فوجی جوان ہلاک ہوگئے ،جبکہ طالبان نے 60فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے ۔ حملہ کا آغاز خودکش کار بم دھماکہ سے ہوا اور اسکے بعد فوجی اڈے پر دھاوا بول دیا گیا ۔طالبان کے مقامی ترجمان قاری یوسف احمدی نے بتایا کہ اس حملے میں کم سے کم 60فوجی مارے گئے اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ لڑائی میں کم ازکم طالبان کے 10شدت پسند بھی ہلاک ہوئے ۔

وزارت دفاع کے ایک بیان میں بتایا گیا کہ کل نصف شب اس حملے کے وقت 60فوجی جوان فوجی اڈے پر موجود تھے ۔43جوان ہلاک ہوئے جبکہ9زخمی ہوگئے ۔چھ فوجی جوان اب بھی لاپتہ ہیں ۔ افغانستان میں مغربی ممالک کی حمایت یافتہ حکومت کو اکھاڑ پھینکنے اور پھر سے اسلامی نظام قائم کرنے کی کوشش کے تحت طالبان شدت پسند پچھلی ڈیڑھ دہائی سے جدوجہد کررہے ہیں ۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق طالبان نے حملے کی ذمہ داری لی ہے ۔

افغانستان : قندھار میں فوجی کیمپ پر طالبان کا حملہ ، 43 فوجیوں کی موت ، ہندوستان نے کی شدید مذمت

ہندوستان نے کی دہشت گردانہ حملہ کی مذمت

ہندستان نے فوجی اڈے پر دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے متاثرین کے تئیں رنج غم کا اظہار کیا ہے ۔ وزارت خارجہ نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ ہندستان اس سفاکانہ دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتاہے ۔اس سے پہلے پکتیہ اور غزنی میں بھی دہشت گردانہ حملے ہوئے ہیں ۔بیان میں کہا گیا ہے اس حملے میں ہلاک ہونے افراد کے اہل خانہ اور دیگرمتاثرین کے ساتھ ہندستان اظہار ہمدردی کرتا ہے ۔ہندستان نے امید ظاہر کی ہے نئی حکمت عملی اور کوششوں سے ملک میں امن قائم ہوگا۔

ہندستان نے افغانستان کے خلاف حالیہ دہشت گردانہ کارروائیوں پر تشویش ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں سے ظاہر ہوتاہے کہ دہشت گردوں کو پناہ اور تعاون اب بھی مل رہا ہے ۔اس لئے کسی تفریق کے بغیر ملکوں کی حمایت سے کارروائی کرنے والے دہشت گردوں اور انکی محفوظ پناہ گاہوں کے خاتمہ کی فوری ضرورت ہے ۔ ہندستان نے کہا ہے کہ افغانستان میں تشدد کے خاتمہ کے لئے افغانستان کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنا اور اپنی قیادت والاایک قومی مصالحتی نظام قائم کرنے کا آغاز کرے ۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز