لندن میں دہشت گردانہ حملہ ، 6 افراد کی موت ، کئی دیگر زخمی ، تینوں حملہ آور بھی ہلاک

Jun 04, 2017 10:11 AM IST | Updated on: Jun 04, 2017 11:02 AM IST

لندن  : برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے وسط میں لندن برج پر حملے میں چھ لوگوں کی موت ہو گئی اور تینوں مشتبہ حملہ آور مارے گئے۔ پولس نے کہا کہ اس حملے میں چھ لوگوں کی موت ہو گئی اور پولس کی کارروائی میں تینوں حملہ آور ہلاک ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں نے گزشتہ رات لندن برج پر پیادہ مسافروں پر گاڑی چڑھا دی اور پاس میں ہی بارو مارکیٹ میں لوگوں پر چاقوؤں سے حملہ کئے۔

برطانیہ کے انسداد دہشت گردی سربراہ افسر مارک رالے نے کہا سلامتی دستہ نے فوری کارروائی کر نے میں بہادری دکھائی اور تینوں مشتبہ حملہ آوروں کا مقابلہ کرکے انہیں ہلاک کردیا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے تینوں حملہ آوروں کو بارو مارکیٹ میں مار گرایا۔  مسٹر رالے نے کہا کہ حملے کی پہلی اطلاع ملنے کے آٹھ منٹ بعد ہی پولس نے جھڑپ میں تینوں حملہ آوروں کو مار گرایا۔

لندن میں دہشت گردانہ حملہ ، 6 افراد کی موت ، کئی دیگر زخمی ، تینوں حملہ آور بھی ہلاک

لندن ایمبولینس سروس کے ڈائریکٹر پیٹر روهڈسن نے کہاکہ "واقعہ کے بعد کم از کم 30 لوگوں کو لندن کے چھ بڑے اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہم معمولی طور پر زخمی شخص کا بھی علاج کر رہے ہیں"۔  وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم لندن برج پر ہونے والے واقعہ پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق موقع پر موجود ایک شخص نے بھیڑ میں لوگوں کو بھاگتے ہوئے دیکھا جن میں سے بہت سے لوگ زخمی ہوگئے تھے اور رو رہے تھے۔ ان میں سے کئی اپنے دوستوں سے بچھڑ گئے تھے۔

واضح ر ہے کہ انگلینڈ اس وقت آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کر رہا ہے اور ایسے میں لندن میں ہونے والے یہ دہشت گرد حملے سکیورٹی انتظامات پر کئی سوال کھڑے کرتے ہیں۔حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایک دن بعد ہی ایجبسٹن میں ہندوستان اور پاکستان کا مقابلہ ہونے والا ہے۔

گزشتہ تین ماہ کے عرصے میں برطانیہ میں یہ تیسرا بڑا حملہ ہے۔ 22 مارچ کو لندن میں خالد مسعود نام کے برطانوی شہری نے پیدل راہ گیروں پر کار چڑھا دی تھی جس میں چار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس کے بعد وہاں کھڑے مسعود نے نہتے پولیس اہلکار کو چاقو مار کر قتل کر دیا تھا۔ بعد میں پولیس کی کارروائی میں مسعود کو ہلاک کردیا گیا تھا۔ 22 مئی کو مانچسٹر کے اسٹیڈیم میں ایک موسیقی پروگرام کے بعد خود کش حملے میں 22 افراد کی موت ہو گئی تھی۔اس حملے میں 116 لوگ زخمی ہوئے تھے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز