قطر بحران : طیب اردغان کی شاہ سلمان سے ملاقات ، خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال

ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے جدہ میں ملاقات کی ہے اور ان سے قطر کے ساتھ خلیجی عرب ممالک کے جاری بحران سمیت خطے کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے

Jul 23, 2017 10:07 PM IST | Updated on: Jul 23, 2017 10:07 PM IST

جدہ  : ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے جدہ میں ملاقات کی ہے اور ان سے قطر کے ساتھ خلیجی عرب ممالک کے جاری بحران سمیت خطے کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ترک صدر خطے کے ملکوں کے دو روزہ دورے کے پہلے مرحلے میں اتوار کو جدہ پہنچے ہیں جہاں ان کا شاہ سلمان کے مشیر شہزادہ خالد الفیصل نے خیرمقدم کیا ہے۔ وہ سعودی عرب کے بعد کویت اور قطر جائیں گے۔

جدہ کے لیے روانہ ہونے سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پر قطر کے ساتھ جاری بحران کے حل کے لیے بھاری ذمے داری عاید ہوتی ہے‘‘۔انھوں نے کہا :’’ ہم دورے کے پہلے مرحلے میں سعودی عرب جائیں گے۔اس کے ساتھ ہمارے تمام شعبوں میں تزویراتی تعلقات استوار ہیں۔ میں سعودی قیادت سے شامی فائل سمیت مختلف علاقائی امور پر تبادلہ خیال کروں گا ۔ہم سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں‘‘۔

قطر بحران : طیب اردغان کی شاہ سلمان سے ملاقات ، خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال

قطری بحران کے حوالے سے ہی ایک اور خبر یہ ہے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا مغرینی اتوار کو کویت کے دورے پر پہنچی ہیں۔وہ کویتی عہدہ داروں سے قطر بحران کے حل کے لیے سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کرنے والی تھیں۔توقع ہے کہ وہ یورپی یونین کی جانب سے امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کی قطر بحران کے حل کے لیے ان کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کریں گی۔

واضح رہے کہ دہشت گردی مخالف گروپ چارسعودی عرب ، بحرین ، متحدہ عرب امارات اور مصر نے پانچ جون سے قطر کا سفارتی اور اقتصادی بائیکاٹ کررکھا ہے۔انھوں نے قطر پر خطے میں دہشت گرد اور انتہا پسند گروپوں کی حمایت کا الزام عاید کیا تھا جبکہ وہ اس الزام کی تردید کرتا چلا آرہا ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز