این ڈی اے کے واحد مسلم رکن پارلیمنٹ چودھری محبوب علی قیصر سے خاص ملاقات ۔ دیکھیں ویڈیو– News18 Urdu

این ڈی اے کے واحد مسلم رکن پارلیمنٹ چودھری محبوب علی قیصر سے خاص ملاقات ۔ دیکھیں ویڈیو

بہار کی کھگڑیا لوک سبھا سیٹ سے این ڈی اے کے واحدمسلم امیدوار چودھری محبوب علی قیصرنے ڈھائی لاگھ سے زیادہ ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے

May 29, 2019 10:31 AM IST | Updated on: May 29, 2019 10:38 AM IST

بہار کی کھگڑیا لوک سبھا سیٹ سے این ڈی اے کے واحدمسلم امیدوار چودھری محبوب علی قیصرنے ڈھائی لاکھ سے زیادہ ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔ سال 2014 کے لوک سبھا انتخاب میں ایل جے پی نے اس سیٹ سے چودھری محبوب علی قیصر کو ٹکٹ دیا تھا اور وہ جیت کر پارلیمنٹ پہنچے تھے۔ 2019 میں ہوئے عام انتخابات میں بھی حج کمیٹی آف انڈیا کے موجودہ چیئرمین چودھری محبوب علی قیصردوسری بارلوک جن شکتی پارٹی کے ٹکٹ پرکھگڑیا سے جیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

چودھری محبوب علی قیصر نے کانگریس سے اپنے سیاسی سفر کا آغازکیاتھا۔ وہ ماضی میں بہار کے ریاستی وزیربھی رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ چودھری محبوب علی قیصر، تین مرتبہ سمری بختیارپور حلقہ سے رکن اسمبلی بھی رہے چکے ہیں اور بہارپردیش کانگریس کمیٹی کا صدر کی حیثیت سے تنظیمی ذمہ داری بھی سنبھال چکے ہیں۔ 2014 میں کانگریس کی جانب سے لوک سبھا سیٹ کے لیے ٹکٹ نہ دیئے جانے پر چودھری محبوب علی قیصر نے لوک جن شکتی پارٹی میں شمولیت اختیار کی اورکھگڑیا لوک سبھا سیٹ کا ٹکٹ حاصل کرکے اس حلقہ میں ایل جے پی کا پرچم لہرایا۔

این ڈی اے کے واحد مسلم رکن پارلیمنٹ چودھری محبوب علی قیصر سے خاص ملاقات ۔ دیکھیں ویڈیو

Loading...

نیوز18 اردو سے بات چیت کرتےہوئے چودھری محبوب علی قیصرنے کہا کہ 2019 کے انتخابات میں مسلمانوں بالخصوص مسلم خواتین نے وزیراعظم مودی کو کامیاب بنانے کے لیے ووٹ دیاہے۔محبوب علی قیصر کا کہناہے کہ مودی حکومت سب کا ساتھ ، سب کا وکاس اور سب کا وشواس کے خواب کو پورا کریگی۔ محبوب علی قیصر نے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی کی قیادت میں ہندوستان کو ترقی کی نئی سمت ملے گی ۔

چودھری محبوب علی قیصرسہرسا میں پیدا ہوئے ۔ ان کے والد مرحوم چودھری صلاح الدین بہار کے سابق وزیررہ چکے ہیں۔ محبوب علی قیصر،سابق ریاست سمری بختیارپور کی نواب نصیرالحسن کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔انکے بھائی فاروق نے بھی ایک بارلوک سبھا انتخابات میں قسمت آزمائی تھی۔ لیکن انہیں کامیابی نہیں ملی تھی۔

چودھری محبوب علی قیصر پارٹی کے نہایت ہی معتبر اور باوقار لیڈر ہیں ۔ چودھری محبوب علی قیصر کو اس بات کا بھی اعزاز حاصل ہے کہ وہ این ڈی اے کے اکلوتے مسلم رکن پارلیمنٹ ہیں ۔ واضح رہے کہ چودھری محبوب علی قیصر کو معاشرتی ذمہ داریاں ادا کرنے کا طویل تجربہ رہا ہے۔ چودھری محبوب علی قیصر جون 2016 سے حج کمیٹی آف انڈیا کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

Loading...