مولاناآزادنیشنل اردویونیورسٹی اورایران کی المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے درمیان یادداشت مفاہمت mou signed between manuu and irani university mgb– News18 Urdu

مولاناآزادنیشنل اردویونیورسٹی اورایران کی المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے درمیان یادداشت مفاہمت

تعلیمی تبادلے اور قلی قطب شاہ چیئر کے قیام کی تجویز۔ اردو یونیورسٹی کے ایک نئے دور کا آغاز: ڈاکٹر اسلم پرویز

Apr 10, 2019 06:08 PM IST | Updated on: Apr 10, 2019 06:16 PM IST

مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے آج ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی (ایم آئی یو)، ایران کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کیے۔ یہ بین الاقوامی سطح پر یونیورسٹی کا پہلا تعلیمی اشتراک ہے۔ المصطفیٰ بین الاقوامی یونیورسٹی، قم، ایران کی ایک مشہور جامعہ ہے جو 1979میں قائم ہوئی۔ بین الاقوامی سطح پر اس کی شاخیں اور ملحقہ تعلیمی ادارے موجود ہیں۔ ڈاکٹر ایم اے سکندر، رجسٹرار مانو اور ڈاکٹر محمد رضا صالح، اعلیٰ نمائندہ ایم آئی یو نے ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر اردویونیورسٹی، پروفیسر ایوب خان،پرو وائس چانسلر اور پروفیسر علی عباسی، وائس چانسلر، ایم آئی یو اور ڈاکٹر حمید جزائری، رجسٹرار کی موجودگی میں کانفرنس ہال ایڈمنسٹریٹو بلڈنگ میں یادداشت پر دستخط کیے۔ یادداشت میں فریقین نے اس بات سے اتفاق کیا کہ ہند - ایران تعلقات میں ایک نئے باب کے اضافے کے طور پر دونوں اداروں کی سرگرمیوں کو وسعت اور اسکالرس کے باہمی تبادلے اور تحقیق کی راہ ہموار کی جائے۔

دونوں اداروں میں ہیومانٹیز، ثقافت، تاریخ، فارسی، عربی، اردو زبان و ادب، مینجمنٹ، ترسیل عامہ و صحافت، اسلامک اسٹڈیز وغیرہ پر ریسرچ، مانو کے اسکالرس کو ماسٹرس اور ڈاکٹریٹ سطح پر اسکالر شپ کی فراہمی، ممتاز ماہرین/ طلبہ کے چیئر کا قیام، اسکالرس کا تبادلہ، بین الاقوامی سمینار، کانفرنسیں اور سمپوزیمس کے لیے اشتراک کیا جائے گا۔ ایرانی جامعہ، اردو یونیورسٹی میں قلی قطب شاہ چیئر کے قیام میں تعاون کرے گی ۔ اس کے تحت مشترکہ پراجیکٹس کی نشاندہی کی جائے گی تاکہ ان پر عمل آوری ہو۔

مولاناآزادنیشنل اردویونیورسٹی اورایران کی المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے درمیان یادداشت مفاہمت

یادداشت مفاہمت تین سال تک کارکرد رہے گی

پروفیسر علی عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان اور ایران کے تعلقات آزمودہ ہیں اور امید ہے کہ یہ یادداشت مفاہمت تعلیم کے تبادلے میں معاون ہوگی۔ انہوں نے ایم آئی یو کی پروفائل پیش کی۔ انہوں نے تعلیمی رخصت کے تحت اساتذہ اور اسکالرس تبادلے کی پیشکش بھی کی اور ڈاکٹر محمد اسلم پرویز کو ایران آنے کی دعوت دی۔

ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، نے صدارتی خطاب میں کہا کہ اس یادداشت مفاہمت کے باعث مانو کی تاریخ میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے کافی قریب ہیں اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس اقدام سے دونوں کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے یاددلایا کہ فارسی اردو کا لباس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو کو علمی زبان بنانے کے لیے فارسی کی مثال سامنے رکھنی چاہیے کہ ایران میں کس طرح اسے علمی زبان بنایا گیا۔

manuuu

پروفیسر ایوب خان، پرو وائس چانسلر؛ ڈاکٹر ایم اے سکندر ، رجسٹرار؛ اور المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی سے ڈاکٹر حمید جزائری، رجسٹرار اور ڈاکٹر محمد رضا صالح نے بھی خطاب کیا۔ پروفیسر سنیم فاطمہ، جوائنٹ ڈین تعلیمات نے کارروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر شگفتہ شاہین، ڈین بین الاقوامی طلبہ نے حاضرین کا خیر مقدم کیا۔ ایم جی گناسیکھرن، فینانس آفیسراردویونیورسٹی، ڈینس و صدور شعبہ جات اور ایرانی وفد نے شرکت کی۔

 

Loading...