سیول : امریکی وزیر دفاع جیمس میٹس کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی طرف سے نیوکلیائی خطرہ بڑھنے کے پیش نظر جنوبی کوریا کے ساتھ فوجی اور سفارتی تعاون کی نئی ناگزیر صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ سی این این کے مطابق مسٹر جیمس میٹس نے سیول میں ہفتہ کو اپنے جنوبی کوریائی ہم منصب سانگ یانگ مو کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ "رواں سال کے اوائل میں میرے جنوبی کوریا کے دورے کے بعد سے ہی شمالی کوریا کا نیوکلیائی خطرہ تشویشناک حدتک بڑھ گیا ہے"۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو شمالی کوریا نیوکلیائی طاقت کے طورپر ہرگز قبول نہیں ہوگا۔ امریکی وزیر دفاع نے یہ بیان شمالی اور جنوبی کوریا کو الگ کرنے والے غیر فوجی خطے کا دورہ کرنے اور جنوبی کوریا کے صدر مون جے این سے ملاقات کے ایک روز بعد دیا ہے۔
