کرنل پروہت کی ضمانت کا معاملہ: مسلم نوجوانوں پر سے بھی مکوکا ہٹایا جائے: ابو عاصم

Aug 22, 2017 09:16 AM IST | Updated on: Aug 22, 2017 09:16 AM IST

ممبئی۔  مالیگاؤں بم دھماکہ 2008 ء کے کلیدی ملزم سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی ضمانت کے بعد اب سپریم کورٹ کے ذریعہ ایک اور اہم ملزم لیفٹیننٹ کرنل سری کانت پرساد پروہت کی ضمانت پر مہاراشٹر سماجوادی پارٹی لیڈر و رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پروہت کی ضمانت این آئی اے کی کمزور پیروی کا ہی نتیجہ ہے کہ یکے بعد دیگرے مالیگاؤں بم دھماکہ کے ملزمین کو ضمانت فراہم ہو رہی ہے اگر یہ ملزمین مالیگاؤں بم دھماکہ میں ملوث نہیں ہے تو پھر مالیگاؤں بم دھماکہ کس نے انجام دیا ہے یہ سوال آج اٹھ رہا ہے۔ابوعاصم اعظمی نے مطالبہ کیا ہے کہ جس طرح سے این آئی اے نے مالیگاؤں بم دھماکہ کے ان ملزمین پر سے مکوکا پہلے ہی ہٹا دیا تھا اسی طرز پر بے قصور مسلم نوجوانوں پر عائد مکوکا ہٹا کر عام دفعات کے تحت ان کی کیس چلایا جائے تاکہ انہیں بھی ضمانت فراہم ہو جو کہ ان کا بھی حق ہے۔ مسلم نوجوان برسوں سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں اس لئے انہیں بھی ضمانت پر رہا کیا جا ئے۔

ابوعاصم اعظمی نے سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جب سے بی جے پی کی قیادت والی مودی حکومت بر سر اقتدار آئی ہے ہندوتوادی دہشت گردی پر این آئی اے اور دیگر ایجنسیاں مہربان ہوگئی ہیں۔ یکے بعد دیگرے انہیں کیسوں سے آزاد کیا جارہا ہے تو کہیں ضمانت دی جا رہی ہے ۔آنجہانی اے ٹی ایس سر براہ ہیمنت کر کرے اور ان کی ٹیم نے مالیگاؤں بم دھماکہ کی تحقیقات کی تھی اور اس میں یہ واضح ہوا تھا کہ لیفٹیننٹ کر نل نے ہی سوامی دیا نند پانڈے کو دھماکہ خیز مادہ فراہم کیا تھا اور یہی دھماکہ خیز مادہ بعد میں سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی اسکوٹر میں نصب کر کے مالیگاؤں میں مسجد کے باہر بم دھماکہ کیا گیا پروہت کا اتنا اہم رول ہونے کے باوجود بھی ان پر سے مکوکا ہٹا دیا گیا جبکہ کئی مسلم نوجوان صرف مکوکا کی وجہ سے اب بھی جیل کی سلاخوں کے پیچھے مقید ہے جس طرح سے مالیگاؤں بم دھماکہ 2008 ء میں ملزمین پر سے مکوکا ہٹایا گیا اسی طرز پر بے قصور مسلم نوجوانوں کے کیسوں سے بھی مکوکا ہٹایا جائے تاکہ انہیں بھی ضمانت حاصل ہوسکے۔

کرنل پروہت کی ضمانت کا معاملہ: مسلم  نوجوانوں پر سے بھی مکوکا ہٹایا جائے: ابو عاصم

ابو عاصم اعظمی: فائل فوٹو

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز