Live Results Assembly Elections 2018

ممبئی میں حالات اب قدرے بہتر ، بحرعرب میں طغیانی ختم ، ایک دن میں ریکارڈ 300 ایم ایم بارش

ممبئی میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اجوئے مہتا نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر میں گزشتہ روز کی طوفانی بارش کے بعد حالات مکمل طورپر قابو میں ہیں اور منگل کی بارش کو بے مثال بارش قراردیا ہے۔

Aug 30, 2017 09:23 PM IST | Updated on: Aug 30, 2017 09:23 PM IST

ممبئی: ممبئی میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اجوئے مہتا نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر میں گزشتہ روز کی طوفانی بارش کے بعد حالات مکمل طورپر قابو میں ہیں اور منگل کی بارش کو بے مثال بارش قراردیا ہے۔ کمشنرنے کل ممبئی کی سیلابی صورتحال پر آج یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہرمیں ایک دن 300ملی میٹر بارش ہونے کی وجہ سے سنگین صورتحال پیدا ہوگئی تھی،فی الحال حالات قابو میں ہیں اور جلد ہی بہتر ہوجائیں گےکیونکہ جگہ جگہ کل رات سے پانی کی سطح کی جانچ کی جاتی رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی ایم سی کے تقریباً 30 ہزار ملازمین شہر کے بُرے وقت میں شہریوں کی مدد کے لیے موجودرہے۔

اجوئے مہتا نے کہا کہ شہر میں 325ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی اور 26 مقامات ایسے تھے جہاں 250ایم ایم سے زائد بارش ریکارڈکی گئی ہے۔منگل کی بارش بے مثال اور غیر متوقع بارش تھی اور ممبئی کے موجودہ ڈھانچے اور انتظامات کے ذریعے ایسی بارش میں کچھ کیاجانا ممکن نہیں تھا۔

ممبئی میں حالات اب قدرے بہتر ، بحرعرب میں طغیانی ختم ، ایک دن میں ریکارڈ 300 ایم ایم بارش

محکمہ موسمیات نے اگلے اڑتالیس گھنٹوں میں بھاری بارش کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔

واضح رہے کہ ممبئی میں گزشتہ روز کی چند گھنٹوں کی موسلا دھار بارش نے شہر کو ’اسمارٹ سٹی ‘اور اقتصادی دارالحکومت کے بجائے تیسرے درجے کے شہر میں تبدیل کرکے رکھ دیا جبکہ بارش کی وجہ سے 5 افراد موت کا شکار بن چکے ہیں۔ منگل کو ملک کے مالیاتی دارالحکومت میں بھاری بارش کی وجہ سے شہر غالباً ڈوب گیا ۔ صبح 9 بجے بارش کا آغاز ہوااور چند گھنٹوں میں رہائشی اور کاروباری علاقوں کی سڑکیں پانی سے بھر گئیں اورجگہ جگہ جام لگ گیا۔آج آسمان پر گہرے بادل ہیں ،لیکن دھوپ بھی نکل آئی ہے اوروفقہ وفقہ سے بارش ہورہی ہے۔

سینٹرل ریلوے ہاربر لائن پر ٹرینوں کی آمدورفت اوقات کے مطابق نہیں ہے ۔ ویسٹرن اور سینٹرل ریلوےز کی خدمات معمول کے مطابق شروع کردی گئی ہیں البتہ 15-20منٹ تاخیر سے چلائی جارہی ہیں۔ہاربرلائن پر کافی پانی موجود ہے، تاہم، اسکولوں اور کالجوں کو بند رکھنے کا حکم ہے۔ ویسے منگل کو ممبئی میں بارش کے باعث پیدا ہونے والے حالات نے شہریوں کو ایک بار پھر 26 جولائی، 2005 ءکو یادکرادیا ۔ جب بھاری بارش کی وجہ سے تقریباً 100 افراد ہلاک ہوئے اور ہزاروں افراد گھر تک نہیں پہنچ سکے۔گزشتہ روز کی بارش نے ریل اور سڑک کے ساتھ ساتھ فضائی سفر میں میں بھی رکاوٹ پیدا کردی جبکہ حکومت ومیونسپل کارپوریشن کے بلند بلند دعوؤں کی قلعی کھول کررکھ دی۔

Loading...

Loading...

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز