سونو نگم کی حمایت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا: احمد پٹیل کی وضاحت

Apr 24, 2017 09:49 PM IST | Updated on: Apr 24, 2017 09:49 PM IST

ممبئی۔ کانگریس کے مشہورلیڈر اور سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر احمد پٹیل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بالی ووڈ کے گلوکار سونونگم نے حال ہی میں لاوڈاسپیکر پردی جانے والی اذان پر ایک قابل اعتراض ٹویٹ پر ان کے بیان کو توڑمروڑ کر پیش کیا گیا ہے اور سونونگم کی حمایت کا کوئی سوال ہی نہیں پیدا ہوتا ہے۔ ممبئی میں یواین آئی سے گفتگو کرتے ہوئے احمد پٹیل نے کہا کہ ان کے بیان کو غلط اندازمیں پیش کیا گیا ،دراصل ان کی رہائش گاہ میں مسجد ہے اورپنچ وقتہ نماز ہوتی ہے اور اذان بھی ہوتی ہے ،اسکے ساتھ ساتھ ماہ رمضان میں تراویح کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔اس لیے اذان کے بارے میں کوئی بیان دینا ممکن نہیں ہے۔ واضح رہے کہ سونو نگم نے اپنے اذان والے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ اذان کی لاؤڈاسپیکر پر ہونے والی آواز سے ان کی نیند خراب ہوتی ہے، خصوصی طورپر انہوں نے فجر کی اذان پر اعتراض کیا تھا۔

سونونگم کے اذان پر دیئے جانے والے متنازعہ بیان سے سنگین صورتحال پیدا ہوگئی تھی ،یہ معاملہ تب اور گہرا گیا جب مغربی بنگال کی میناریٹی یونائیٹڈ کونسل کے نائب صدر سید شا علی امام قادری نے سونو نگم کے خلاف فتوی جاری کیا کہ جو بھی سونو نگم کا سر منڈواکر اور جوتے کی مالا پہنا کر ملک بھر میں گھمائیگا، اس کو 10 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔

سونو نگم کی حمایت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا: احمد پٹیل کی وضاحت

پی ٹی آئی: فائل فوٹو

سونونگم نے کہا کہ ان کے خواب وخیال میں بھی نہیں تھا کہ ایک معمولی بات کو اتنی اہمیت دے دی جائے گی اور بڑے بڑے بیان دیئے جائیں گے۔’’میں مرحوم محمد رفیع کا اپنا گرومانتا ہوں ،میرا ڈرائیورمسلمان ہے اورمیں مسلمانوں کے خلاف نہیں ہوں اور میری سوچ سیکولر ہے۔‘‘ انہوں نے ان پر مسلم مخالف لیبل لگائے جانے پر افسوس کا اظہارکیا ۔

سونونگم نے اپیل کی کہ ہمیں ایک دوسرے کے بارے میں سوچنا چاہئے ،انہوں نے واضح کیا کہ مذکورہ بیان ایک سماجی مسئلہ پر دیا گیا اور یہ کوئی مذہبی سوچ نہیں تھی۔ سرمنڈوانے کا مطلب احتجاج نہیں ہے اور نہ ہی کسی کو چیلنج کرنا ہے، بلکہ یہ واضح کرنا ہے کہ ایک مسلمان میرے بال کی کٹنگ کررہا ہے اور مسلمان مخالف کا الزام بے بنیاد ہے ۔ میڈیا کو ان باتوں کوبڑھا چڑھا کرپیش نہیں کرنا چاہئے اور نہ ہی محاذ آرائی ہونی چاہئے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز