سماجی کارکن شمیم عبداللہ ناندیڑ کےسرکاری اسپتال میں فراہم کر رہے ہیں مفت کھانا

Jan 31, 2017 05:56 PM IST | Updated on: Jan 31, 2017 05:56 PM IST

ناندیڑ۔ انسانیت کی خدمت کے کئی ایسے کام ہیں جو ایک عام آدمی  کو خاص بناتے ہیں۔ ناندیڑ کے شمیم عبداللہ کا شمار بھی ایسے ہی لوگوں میں کیا جاسکتا ہے ۔ شمیم عبداللہ پچھلےایک سال سے ناندیڑ کے سرکاری اسپتال میں روزانہ پابندی کے ساتھ مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کے لیے ایک وقت کے طعام کا انتظام کر رہے ہیں ۔  طعام کے انتظام کے لیے باضابطہ چند افراد کو مقرر کیا گیا ہے ۔ روزانہ تقریباً 30 کلو کی کھچڑی بنائی جاتی ہے اور  ایک آٹو کی مدد سے اسپتال پہنچائی جاتی ہے اور یہاں لوگوں میں نظم و ڈسپلن کے ساتھ تقسیم کی جاتی ہے ۔ کھانے کی تقسیم کا یہ عمل بلا لحاظ مذہب و ملت تمام افراد کیلئے عام ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ شمیم عبداللہ کی یہ خدمت  قومی یکجہتی کو فروغ دینے کا ذریعہ ثابت ہورہی ہے ۔ لوگ ایک دوسرے کے قریب آرہے ہیں اور باہمی محبت میں اضافہ ہورہا ہے ۔

ناندیڑ کے سرکاری اسپتال میں زیادہ ترغریب طبقہ کے لوگ علاج کے لیے آتے ہیں ۔ بیشتر افراد معاشی طورپر اتنے خستہ حال ہوتے ہیں کہ ان کے پاس دو وقت کے کھانے کا انتظام بھی نہیں ہوتا۔ اپنے پیٹ کی بھوک مٹانے کے لیے انہیں اسپتال کے احاطہ میں بھیک مانگنا پڑتا ہے۔ ایسے مصیبت زدہ اور پریشان حال لوگوں کو سہارا دینے کے لیے اور ان کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے کانگریس کے ضلع اقلیتی سیل کے صدر شمیم عبداللہ نے اپنے ذاتی جیب خرچ سے روزانہ ایک وقت کا کھانا مہیا کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے ۔ روزانہ پابندی کے ساتھ طعام کا نظم کرنا کوئی آسان کام نہیں تھا ۔ لیکن شمیم عبداللہ نے اپنے دل میں یہ بات ٹھان لی کہ چاہے جنتی مشکلات آئیں وہ یہ کام کرتے رہیں گے ۔ صاف نیت اور دل میں اخلاص ہونے کی وجہ سے ان کی یہ خدمت پچھلے ایک سال سے جاری ہے اور آگے بھی وہ اسے اسی طرح جاری رکھنا چاہتے ہیں ۔

سماجی کارکن شمیم عبداللہ ناندیڑ کےسرکاری اسپتال میں فراہم کر رہے ہیں مفت کھانا

اسپتال کے متاثرین بھی شمیم عبداللہ کی خدمات سے بہت خوش ہیں ۔ ایک مریضہ کے بیٹے نے بتایا کہ میرا نام پنڈت ہے۔ حدگاؤں تعلقہ کا میں رہنے والا ہوں۔ میری ماں پچھلے 15 دنوں سے بیمار ہے اور میں نے اسے اس اسپتال میں داخل کیا ہے ۔ میری ماں کوفریکچر ہوا ہے میں روزانہ صبح کھچڑی لینے کے لیے پچھلے 15 دنوں سے آ رہا ہوں ، یہاں مجھے روزانہ نہایت اچھی کھچڑی مل رہی ہے ۔ ایک اور مریض کے رشتے دار جنا نبائی نے بتایا کہ ہم پربھنی ضلع کے پورنا تعلقہ سے آئے ہیں۔ پچھلے ایک مہینہ سے میرے رشتہ دار وشوناتھ کھرے اسپتال میں بھرتی ہیں۔ اس کا آپریشن ہوا ہے ۔ روزانہ ہمیں یہاں کھچڑی  مل رہی ہے ۔ صبح گرما گرم کھچڑی کھلا کر ہم مریض کو دوا پلاتے ہیں ۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز