یوم خواتین پر احمد آباد میں ایک نابالغ بچی کے ساتھ گینگ ریپ کی کوشش

Mar 15, 2017 08:12 PM IST | Updated on: Mar 15, 2017 08:12 PM IST

احمد آباد۔  وزیر اعظم  نریندر مودی جب یوم خواتین کے موقع پر پورے ہندوستان سے آئی خواتین سرپنچوں سے یہاں خطاب کر رہے تھے اسی رات احمد آباد کے وٹوا علاقے میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے صرف یوم خواتین کو نہیں بلکہ گجرات پولیس کو بھی شرمسار کر دیا ۔ دراصل وٹوا میں رہنے والی ایک نابا لغ بچی کے ساتھ گینگ ریپ کی کوشش کی گئی اس کے باوجود پولیس صرف شکایت درج کر اپنا کام مکمل مان رہی ہے ۔ کئی دنوں میں یہ بات دھیرے دھیرے پھیلی تو سماجی کارکنان نے وٹوا پولیس اسٹیشن کے باہر دھرنا دیا اور پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے پر مجبور کیا۔

 احمد آباد کے وٹوا میں غریب رہائش منصوبہ کے تحت ملنے والے مکان میں رہنے والی نابالغ  کے ساتھ کھلے میدان میں آٹھ تاریخ کی رات کو جب وہ کسی کام سے باہر گئی تھی اسی دوران آس پاس میں رہنے والے کچھ غنڈوں نے اسے پکڑ لیا اور خالی پڑے میدان میں ہی اس کے کپڑے اتارکراس کے نازک حصے پر چوٹ پہنچائی ۔ اس دوران وہ چیخ چیخ کر مدد مانگ رہی تھی لیکن یہ تماشہ  دیکھ رہے 200 لوگوں کے سامنے ہونے کے باوجود بھی کوئی اس معصوم کو بچانے کے لئے آگے نہیں آیا ۔ یہ الزام ہاسپيٹل میں علاج کروا رہی متاثرہ نے ایک ویڈیو کے ذریعہ لگایا ہے ۔

یوم خواتین پر احمد آباد میں ایک نابالغ بچی کے ساتھ گینگ ریپ کی کوشش

 یوم خواتین کے موقع پر نابالغ کے ساتھ  ایسا حیوانیت بھراحملہ ہونے کے باوجود  بھی پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھا ئی، جس کی وجہ سے سماجی کارکنان شمشاد پٹھان جیگنیش میوانی کے ساتھ ہی ساتھ علاقے کے لوگوں نے بڑی تعداد میں وٹوا پولیس اسٹیشن جاکر دھرنا دیا جس کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور آج ایف آئی آر درج کی ۔ اس سلسلے میں وٹوا پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر نے کہا کہ ہم نے ایف آئی آر درج کر لی ہے اور آگے کی تفتیش  بھی شروع کر دی  ہے۔ لیکن سماجی کارکنان یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ جن پولیس والوں نے پانچ دن سے ایف آئی آر درج نہیں کیا، ان کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے۔ واضح رہے کہ وٹوا علاقہ وزیر داخلہ پردیپ سنگھ جاڈیجا کا اسمبلی حلقہ ہے اور پریش راول یہاں کے ایم پی ہیں ۔ اس پر بھی اس طرح کا واقعہ کئی سوال کھڑے کرتا ہے  لیکن متاثرہ آج بھی انصاف کی راہ دیکھ رہی ہے جس کا علاج فی الحال وی ایس ہاسپٹل میں چل رہا ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز