آئی پی ایل 10 : ہاشم آملہ کی شاندار بلے بازی سے کنگس الیون پنجاب کی جیت

Apr 23, 2017 09:06 PM IST | Updated on: Apr 23, 2017 09:06 PM IST

راجکوٹ: سلامی بلے باز ہاشم آملہ کی شاندار بلے بازی کی بدولت کنگس الیون پنجاب نے آج یہاں گجرات لائنس کو 26 رن سے شکست دے کر اپنی تیسری جیت درج کی۔ ہاشم آملہ کو ان کی شاندار نصف سنچری (65) کی بدولت مین آف دی میچ کا خطاب دیا گیا۔ گجرات لائنس کے کپتان سریش رینا نے ٹا س جیت کر پنجاب کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوور میں سات وکٹ کے نقصان پر 188 رن بنائے۔ اس کے جواب میں گجرات لائنس کی ٹیم مقررہ 20 اوور میں سات وکٹ پر 162 رن ہی بناسکی۔

پنجاب کی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور ا سکے سلامی بلے باز منن ووہرا چار گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد صرف دو رن بناکر ناتھو سنگھ کا شکار ہوئے۔ انہیں وکٹ کیپر دنیش کارتک نے وکٹ کے پیچھے کیچ کیا۔ تاہم دوسرے سلامی بلے بازہاشم آملہ نے اپنے ساتھیوں شان مارش اور کپتان گلین میکسویل کے ساتھ اپنی ٹیم کا اسکور بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ ہاشم آملہ نے چالیس گیندوں میں نو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 65 رن بنائے جبکہ اکشر پٹیل نے 17 گیندوں میں تین چوکوں اور د و چھکے کی مدد سے 34 رن کا اسکور کیا۔ گجرات نے 189 رن کے بڑے ہدف کے تعاقب میں شروعات اچھی نہیں کی اور اس کے سلامی بلے باز برینڈن میک کلم چھ گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے چھ رن بناکر سندیپ شرما کا شکار بن گئے۔ 40 رن کے اضافے کے بعد آرون فنچ بھی 13 رن کا تعاون دے کر پویلین لوٹ گئے۔ گجرات کی جانب سے کپتان سریش رینا اور وکٹ کیپر بلے باز دنیش کارتک اپنی ٹیم کو جیت کی منزل تک پہنچانے کی پوری کوشش کی ۔ کپتان رینا 24 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 32 رن بناکر آوٹ ہوئے جبکہ دنیش کارتک نے 44 گیندوں کا سامنا کیا اور وہ چھ چوکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 58 رن بناسکے ۔

آئی پی ایل 10 : ہاشم آملہ کی شاندار بلے بازی سے کنگس الیون پنجاب کی جیت

Image Source: BCCI

اینڈریوٹائی نے 12 گیندوں میں دو چوکوں اور چھکے کی مدد سے22 رن کا اسکور کیا ۔ پنجاب کی جانب سے سندیپ شرما نے 40 ، کیسی کریپا نے 24 اور اکشر پٹیل نے 36 رن دے کر دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ موہت شرما 25 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کرسکے ۔ آملہ کو ان کی بہترین بلے بازی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا حالانکہ اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں انہوں نے شاندار سنچری اسکور کی تھی لیکن اس کے باوجود ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔دوسری طرف گجرات لائنس ٹیم کے کولکتہ نائٹ رائڈرس کے خلاف جیت سے حوصلے بلند تھے لیکن انہیں آج کے میچ میں ہار کا سامنا کرنا پڑا۔

آملہ نے گزشتہ میچ میں ممبئی انڈینز کے خلاف اندور میں ناٹ آؤٹ 104 رنز بنائے تھے اور انہوں نے اسی فارم کو برقرار رکھتے ہوئے 40 گیندوں میں نو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 65 رن بنا ڈالے۔آملہ نے شان مارش (30) کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 70 رن اور کپتان گلین میکسویل (31) کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 47 رن کی ساجھےداری کی۔ جنوبی افریقہ کے آملہ نے اپنی نصف سنچری 30 گیندوں میں مکمل کی ۔ اپنی اس اننگز کے ساتھ ہی آملہ آئی پی ایل 10 میں ٹاپ اسکورر بھی بن گئے ہیں اور ان کا 145.85 کا اسٹرائک ریٹ دیگر دھماکہ خیز بلے بازوں سے بہتر ہے۔

مارش نے 24 گیندوں پر 30 رنز کی اننگز میں چار چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ میکسویل نے 18 گیندوں پر 31 رن میں ایک چوکا اور تین چھکے اڑايے۔نچلے آرڈر میں آل راؤنڈر پٹیل نے 17 گیندوں میں تین چوکے اور دو چھکے اڑاتے ہوئے شاندار 34 رن بنائے۔ردھمان ساہا نے ایک چھکے کی مدد سے 10 رنز بنائے۔ پنجاب کے 50 رنز 35 گیندوں میں، 100 رنز 69 گیندوں میں اور 150 رنز 101 گیندوں میں پورے ہوئے۔پنجاب نے آخری پانچ اوور میں 53 رن بنائے ۔ گجرات کی جانب سے اینڈریو ٹائی نے 35 رن پر دو وکٹ لئے جبکہ شبھم اگروال کو 42 رن پر ایک وکٹ، ناتھو سنگھ کو سات رن پر ایک وکٹ، رویندر جڈیجہ كو 32 رن پر ایک وکٹ اور ڈیون اسمتھ کو 18 رن پر ایک وکٹ ملا ۔ گجرات کے وکٹ کیپر دنیش کارتک نے منن ووہرا (2) کا کیچ پکڑنے کے ساتھ ہی آئی پی ایل میں وکٹ کے پیچھے 100 شکار پورے کر لیے اور یہ کامیابی حاصل کرنے والے وہ پہلے وکٹ کیپر بن گئے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز