جے این یو طلبہ یونین کے سابق لیڈر کنہیا کمار کے پروگرام کی اجازت دینے کی بعد منسوخی کی چوطرفہ تنقید

Aug 03, 2017 11:55 PM IST | Updated on: Aug 03, 2017 11:55 PM IST

اورنگ آباد : جے این یو طلبہ یونین کے سابق لیڈر کنہیا کمار کے اورنگ آباد دورے پر سیاست شروع ہو گئی ہے ۔ اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن نے کنہیا کمار کے پروگرام کے لیے پہلے کارپوریشن کے ہال کی اجازت دی ، لیکن اسی دن شام میں اجازت منسوخ بھی کردی ۔ سنویدھان بچاؤ یووا پریشد نےمیونسپل کارپوریشن کے اس اقدام کے خلاف غیرمعینہ بھوک ہڑتال شروع کردی ہے ۔ بھوک ہرتال کے دوران مقتول محمد اخلاق اور حافظ جنید کے حق میں بھی نعرے لگائے گئے ۔ ساتھ ہی مودی حکومت پر ہٹلر شاہی کا الزام عائد کیا گیا ۔

جہاں ایک جانب ایڈوکیٹ ابھئے ٹکسال اور ان کے 15 سے زائد ساتھی غیر معینہ مدت کے لیے آمرن انشن پر بیٹھے ہیں وہیں دوسری طرف عوامی حلقوں میں کنہیا کمار کے دورے کو لے کر میونسپل کارپوریشن کے دوہرے رویے پر نکتہ چینی کی جا رہی ہے ۔

جے این یو طلبہ یونین کے سابق لیڈر کنہیا کمار کے پروگرام کی اجازت دینے کی بعد منسوخی کی چوطرفہ تنقید

خیال رہے کہ کنہیا کمار 7 اگست کو اورنگ آباد کے دورے پرآنے والے ہیں۔ سنویدھان بچاؤ یووا پریشد کی دعوت پرکنہیا کماراورنگ آباد آرہے ہیں ۔ کنہیا کمار کے مجوزہ دورے کولے کر پچھلے دومہینے سے تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ پریشد نے کنہیا کمارکے پروگرام کے لیے میونسپل کارپوریشن کے سنت تکارام ناٹیہ گرہ کو بُک کروایا تھا ۔ اس کی ڈیپازٹ رقم بھی جمع کرادی گئی تھی ۔ پہلے کارپوریشن کی جانب سے پریشد کو اجازت کا مکتوب دیدیا گیا ، لیکن شام ہونے تک کارپوریشن کے حکام نے ہال کی اجازت منسوخ کردی ۔

کامریڈ لیڈروں کے ساتھ کاندھے سے کاندھا ملاتے ہوئے ایم آئی ایم لیڈروں نے بھی سنویدھان بچاؤ یووا پریشد کی بھوک ہڑتال کی تائید کی ہے ۔ اس موقع پر ایم آئی ایم کے کارپوریٹرس نے برسر اقتدار شیوسینا -بی جے پی اتحاد کے دباؤ میں کام کرنے کا میونسپل کارپوریشن حکام پر الزام عائد کیا اورسنویدھان بچاؤ یووا پریشد کی ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز