مہاراشٹر حکومت کاپولیس کانسٹبل بھرتی کیلئے اقلیتی نوجوانوں کی مفت میں پری ٹریننگ دینے کا اعلان

Nov 17, 2017 06:21 PM IST | Updated on: Nov 17, 2017 06:21 PM IST

ممبئی : حکومت مہاراشٹر نے محکمہ پولیس میں کانسٹبل کی بھرتی کے لیے اقلیتی نوجوانوں کو مفت میں پری ٹریننگ دینے کا اعلان کیا ہے ،تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اقلیتی نوجوان اس میں شریک ہوں۔اقلیتی محکمہ کے مائناریٹی کمیشن کے ذریعہ ایک نوٹیفکیشن کے ذریعہ اس کی اطلاع دی گئی ہے۔مذکورہ نوٹیفکیشن کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے تمام ضلعی پولیس ہیڈ کوارٹرس کے پریڈگراونڈ پر کانسٹبل کی بھرتی کے لیے مفت ٹریننگ کے لیے امیدواروں کے انتخاب کی غرض سے حکومت نے اقلیتی نوجوانوں کو اپنی تعلیمی لیاقت کے سرٹیفکٹ اور آدھار کارڈکے ساتھ صبح 11بجے ذاتی طورپرحاضر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق نوٹیفکیشن کے تحت اقلیتی امیدوار کو 12جماعت میں کامیاب ہونے کے ساتھ ساتھ اس کی عمر18تا28سال ہونی چاہئے اور ان کی اونچائی 165سینٹی میٹراور سینہ 79سینٹی میٹر لازمی ہے جبکہ خواتین امیدوار وں کے لیے اونچائی 155سینٹی میٹرمقررکی گئی ہے ۔دراصل انہیں یہ موقع دیا گیا ہے۔یہ ٹریننگ دومہینے تک مفت دی جائے گی اور روزانہ تین گھنٹے کلاس روم کوچنگ اور دوگھنٹے جسمانی تربیت ہوگی اور اس کے بعدمنتخب کیے جانے والے امیدواروں کویونیفارم اور جوتے کے لیے ایک ہزار روپے نقد اور دوماہ کے لیے 1500روپے اسٹاپینڈ دیاجائے گا۔

مہاراشٹر حکومت کاپولیس کانسٹبل بھرتی کیلئے اقلیتی نوجوانوں کی مفت میں پری ٹریننگ دینے کا اعلان

دیویندر فڑنویس، فائل فوٹو: پی ٹی آئی

اقلیتی امیدوار 21نومبرکو صبح 11بجے ضلع کے پولیس ہیڈ کوارٹرس پہنچ جائیں۔انہیں اپنی تعلیمی لیاقت کے سرٹیفکیٹ اور آدھار کارڈ کے ساتھ ساتھ ایک تحریری درخواست بھی لانا ہوگا۔اس ضمن میں ملازمت اور تعلیمی امورمیں مسلم نوجوانوں کی رہنمائی کرنے والے سماجی کارکن سلیم الوارے نے کہا کہ یہ اقلیت کی نمائندگی بڑھانے کا سنہری موقعہ ہے اور انہوں نے مسلم امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ پورے اعتماد کے ساتھ وقت مقررسے قبل پولیس پریڈ گراونڈ پہنچ جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ممبئی اور مضافات کے امیدواروں کو نائیگام (دادر)کے پولیس پریڈ گراونڈ پر جبکہ تھانے کے امیدواروں کو کلواپولیس پریڈ گراونڈپر اپنی اسناد کے ساتھ پہنچنا ہے ۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز