کرنل پروہت کی ضمانت پر مالیگاؤں میں لوگوں کا شدید رد عمل، کہا، انصاف تو اب خدا کی عدالت میں ہو گا

Aug 22, 2017 09:05 AM IST | Updated on: Aug 22, 2017 09:05 AM IST

مالیگاوں۔ مالیگاؤں بم دھماکہ کے کلیدی ملزم کرنل پرساد پروہت کی سپریم کورٹ کی جانب سے  ضمانت پر رہائی کے حکم پر مالیگاوں کے رکن اسمبلی آصف شیخ نے اپنے ردّ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی جب سے بر سر اقتدار آئی ہے تب سے مالیگاوں بلاسٹ کے بھگوا ملزمین کو یکے بعد دیگرے راحت و رہائی مل رہی ہے اور چار ملزمین کی رہائی عمل میں آچکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مقدمہ میں سرکاری وکیل روہنی سالیان کے بیانات کی روشنی میں نظرآرہا ہے کہ عدالت میں این آئی اے کے وکلا برائے نام کیس میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ سادھوی پرگیہ سنگھ کے کیس کے بعد کرنل پروہت مقدمہ میں بھی این آئی اے وکلا کی کارکردگی برائے نام رہی ہے۔اور جسکا نتیجہ سامنے ہے۔

آصف شیخ نے کہا کہ کرنل پروہت صرف بھکو چوک بلاسٹ کا ملزم ہی نہیں ہے بلکہ وہ ابھینو بھارت تنظم سے بھی وابستہ رہا ہے ،اس تنظیم پر سابق مرکزی حکومت نے پابندی عائد کی تھی۔کیونکہ یہ تنظم ہندوراشٹر کے لیے کوشاں ہے۔ واضح رہے کہ کرنل پروہت پرآر ڈی ایکس فراہمی کا شبہ بھی تھا۔ انھوں نے ہندوستانی فوج کی عظمت پر دھبہ لگایا تھا۔ان حقائق کا تذکرہ اے ٹی ایس کے سابق سربراہ ہیمنت کرکرے کی چارج شیٹ میں موجود ہے، لیکن منصوبہ بند طریقے سے بم دھماکے کرنے والے گروہ کو جیل سے باہر کردیا گیا۔ اسی گروہ نے اجمیر ،حیدرآباد مکہ مسجد ،بڑا قبرستان اور سمجھوتہ ایکسپرس دھماکے کروائے تھے۔

کرنل پروہت کی ضمانت پر مالیگاؤں میں لوگوں کا شدید رد عمل، کہا، انصاف تو اب خدا کی عدالت میں ہو گا

مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملے کے کلیدی ملزم لیفٹیننٹ کرنل پرساد پروہت کی فائل فوٹو۔

مالیگاؤں کے بھکو چوک بم دھماکہ میں شہید ہوئے 19سالہ سید اظہر کے والد حاجی سید نثار نے کہا کہ انصاف تواب خداکی عدالت میں ہوگا۔ حاجی نثار نے سوال کیا کہ میرے بیٹے کا قاتل آخر کون ہے۔  انھوں نے دل برداشتہ ہو کر کہا کہ اب مجھے ہی جیل میں ڈال دیا جائے۔

مالیگاؤں کی کل جماعتی تنظیم کے رکن مولانا عبدالقیوم قاسمی نے کہا کہ جس ملزم پر ملک سے بغاوت کاالزام عائد کیا گیا ہو اْسکی ضمانت ملک کی سالمیت کیلئے خطرہ ہے۔ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ارباب اقتدار کو ہندو راشٹر کی تشکیل میں دلچسپی ہے تبھی یہ سب ہورہا ہے۔ دریں اثنا کرنل پروہت کی خبر ملتے ہی بھکو چوک میں زبردست ہجوم جمع ہوگیا اور عوام کی طرف سے زبردست ناراضگی ظاہر کی گئی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز