گجرات اسمبلی انتخابات: وزیر اعظم بچپن کے اسکول میں پہنچ کر جذباتی ہوئے

وڈ نگر۔ وزیر اعظم بننے کے بعد پہلی بار آج اپنے آبائی گاؤں شمالی گجرات کے مہسانہ ضلع کے وڈ نگر پہنچے نریندر مودی نے تقریباً چھ کلو میٹر لمبا اور ایک گھنٹہ سے زائد کا جذباتی روڈ شو کیا، اس دوران ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

Oct 08, 2017 02:07 PM IST | Updated on: Oct 08, 2017 02:07 PM IST

وڈ نگر۔ وزیر اعظم بننے کے بعد پہلی بار آج اپنے آبائی گاؤں شمالی گجرات کے مہسانہ ضلع کے وڈ نگر پہنچے نریندر مودی نے تقریباً چھ کلو میٹر لمبا اور ایک گھنٹہ سے زائد کا جذباتی روڈ شو کیا، اس دوران ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ مسٹر مودی بچپن کے اپنے اسکول’بی این ودیالیہ ‘میں رکے اور وہاں کی مٹی کو پیشانی پر ملتے ہوئے اس سے تلک بھی کیا۔ انہوں نے اپنی آبائی رہائش گاہ کے نزدیک واقع قدیم ’ہاٹکیشورمہادیو مندر‘ میں پوجا اور آرتی کے پروگرام میں شرکت کی۔ کل دوروزہ دورے پر گجرات پہنچے مسٹر مودی راجدھانی گاندھی نگر سے صبح تقریباً ساڑھے نو بجے ہیلی کاپٹر سے وڈ نگر کے نزدیک گنجا میں ہیلی پیڈ پر اترے۔ ان کا روڈ شو طے نہیں تھا لیکن ہزاروں لوگوں کی بھیڑ دیکھ کر وہ اپنے گاڑی کا دروازہ کھول کر باہر کھڑے ہوگئے اور روڈ شو کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ راستہ میں کچھ مقامات پر انہوں نے لوگوں کے استقبال کیلئے اپنے قافلہ کو بھی رکوا لیا۔ وہ پورے راستے ہاتھ ہلاکر ان کے استقبال کا جواب دیتے رہے اور لوگ ان پر پھول برساتے رہے۔

ان کا قافلہ وڈ نگر کے اس ریلوے اسٹیشن کے نزدیک سے بھی گذرا جہاں وہ بچپن میں اپنے والد کے ساتھ چائے بیچا کرتے تھے۔ حالانکہ وہ وہاں رکے نہیں۔17ستمبر 1950کو یہاں دامودر داس مودی اور محترمہ ہیرابہ کی کل چھ میں سے تیسری اولاد مسٹر مودی کے استقبال کیلئے ان کے اس آبائی گاؤں ،جو اب کسی شہر کو بھی مات دیتا ہوا لگتا ہے ،کو دولہن کی طرح سجایا گیا تھا۔ وڈ نگر احمد آباد سے تقریباً100کلومیٹر دور ہے۔ یہ مہسانہ ضلع میں ہے جو پاٹیدار برادری کا گڑھ ہے،جس کے ہاردک پٹیل کی قیادت والے ایک گروپ نے ریاستی بی جے پی حکومت کے خلاف تحریک چھیڑ رکھی ہے اوراسی سال گجرات میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی مخالفت کررہے ہیں۔

گجرات اسمبلی انتخابات: وزیر اعظم بچپن کے اسکول میں پہنچ کر جذباتی ہوئے

وزیر اعظم مودی وڈنگر میں خطاب کرتے ہوئے۔

مسٹر مودی نے روڈ شو کے دوران پہلا باضابطہ پڑاؤ اپنے بچپن کے اسکول کے پاس کیا۔ ان کی ایک جھلک پانے اور استقبال کیلئے وہاں موجود لوگوں کی زبردست بھیڑ تھی،جنہیں قابو کرنے کیلئے جدوجہد کرتے سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان مسٹر مودی نے اپنے بچپن کے اسکول کی مٹی سے تلک کیا۔اس کے بعد وہ نزدیک ہی واقع ہاٹکیشور مندر گئے۔وہاں انہوں نے ’گربھ گرہ‘ میں بھگوا ن کی پوجا ،ابھیشیک اور آرتی بھی کی اور گاؤں کے کچھ بزرگوں سے تھوڑی دیر بات چیت کی۔اس کے بعد وہ 600کروڑ کی لاگت سے تیار جی ایم ای آر ایس میڈیکل کالج اور اسپتال پہنچے اور اس کا افتتاح کیا۔ وہاں بھی وہ اچانک طلبا کے درمیان پہنچ گئے اور ان سے مختصر بات چیت کی۔ وہ یہاں ایک جلسہ سےبھی خطاب کریں گے اور بچوں کی ٹیکہ کاری سے جڑے ’مشن اندردھنش‘کی شروعات اور خاتون صحت ملازمین میں ای-ٹیبلٹ بھی تقسیم کریں گے۔ مسٹر مودی آج ہی بھڑوچ میں کچھ پروگراموں میں شرکت کرنے کے بعد وڈوڈرہ سے واپس نئی دہلی روانہ ہوجائیں گے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز