تمل ناڈو کے ینگ سائنٹسٹ رفعت شاہ رخ پی اے انعامدار ینگ اچیور ایوارڈ سے سرفراز

Jul 11, 2017 09:01 PM IST | Updated on: Jul 11, 2017 09:01 PM IST

 پونے۔ مہاراشٹر کاسمو پالیٹن ایجوکیشن سو سائٹی اور پائی اکادمی پونہ کے مشترکہ بینرتلے آعظم کیمپس پونہ میں ایوارڈ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ایوارڈ تقریب میں احمد آباد کے ڈرون بوائے ہرش وردھن زالہ اور تمل ناڈو کے ینگ سائنٹسٹ رفعت شاہ رخ کو پی اے انعامدار ینگ ایچیورایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ۔پونہ آعظم کیمپس میں بینڈ باجے کے ساتھ کچھ بچے آگے آگے چل رہے تھے۔ یہ بچے کسی شادی تقریب میں نہیں جا رہے تھے بلکہ یہ وہ بچے تھے جنہوں نے اپنی صلاحیت سے دنیا کو اپنے آگے سر نگوں کر دیا ہے۔ چودہ سے اٹھارہ سال کی عمر میں ہمارے ملک میں عام طور پر بچے کھیل کود میں گزار دیتے ہیں لیکن تمل ناڈو کے اٹھارہ سالہ رفعت شاہ رخ نے نینو سیٹلائٹ بنا کر اور احمد آباد کے چودہ سالہ طالب علم ہرش وردھن زالہ نے ڈرون بنا کر سب کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ ان بچوں کی عزت افزائی کے لئے پونہ میں ایوارڈ تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس خوشی کے موقع پر ممتاز ماہر تعلیم اور مہاراشٹر کاسمو پالیٹن ایجوکیشن سو سائٹی کے صدر پی اے انعامدار نے ان بچوں کو اپنے ہاتھوں سے ایوارڈ دے کر انکی حوصلہ افزائی کی ۔

آعظم کیممپس پونہ کے آر کے شیخ اسمبلی ہال میں منعقدہ ایوارڈ تقریب میں اسپیس کیڈز انڈیا کی ٹیم کے ساتھ رفعت شاہ رخ  اور ان کی پوری ٹیم نے شرکت کی تھی جبکہ احمد آباد سے ہرش وردھن زالہ اور ان کے دوست پرتھ لوہار کے ساتھ ہرش وردھن کے دادا دلاور زالہ نے شرکت کی۔ ہرش وردھن ابھی چودہ سا ل کے ہیں انہیں ڈرون بنانے کا خیال اس لئے آیا تاکہ فوجیوں کو لینڈ مائننگ جیسے حادثے سے بچایا جا سکے۔ ہرش وردھن کی کامیابی کے بعد گجرات حکومت نے ان سے ڈرون بنانے کے لئے پانچ کروڑ کا ایم او یو سائن کیاہے۔ اسی طرح سے اسپیس کیڈز انڈیا کے رکن رفعت شاہ رخ نے چونسٹھ  گرام کا نینو سیٹلائٹ بنا کر سائنس کے میدان میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔

تمل ناڈو کے ینگ سائنٹسٹ رفعت شاہ رخ  پی اے انعامدار ینگ اچیور ایوارڈ سے سرفراز

 اس موقع پر رفعت شاہ رخ کے ساتھ کام کرنے والے ٹیم ممبران اور ہرش وردھن زالہ کے ساتھ کام کرنے والے پرتھ لوہار کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ وہیں اس موقع پر آعظم کیمپس میں تعلیم حاصل کرنے والے ان طلبا کو  بھی اعزاز سے نوازا گیا جنہوں نے مختلف میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔

ری کمنڈیڈ اسٹوریز