جسمانی طور پر معذورمحمد محسن کا پیرا ایتھلیٹ کے قومی مقابلوں کے لئے سلیکشن

Mar 28, 2017 11:53 AM IST | Updated on: Mar 28, 2017 11:53 AM IST

اورنگ آباد۔ اورنگ آباد کے محمد محسن  خان نامی اسکولی  طالب علم کا پیرا اتھلیٹک کے جونیئر چیمپیئن شپ  کے قومی مقابلوں کے لیے سلیکشن ہوا ہے ۔ پیرا ایتھلیٹک قومی مقابلوں کی جونیئرمین کیٹگری میں محمد محسن واحد کھلاڑی ہے جو اورنگ آباد کی نمائندگی کریگا۔  چار روز تک چلنےوالے یہ قومی مقابلے31 مارچ سے جے پورمیں  شروع ہونگے۔ ای ٹی وی کی نیک خواہشات اس ہونہار کھلاڑی کے ساتھ  ہیں۔ محمد محسن کی اس پرواز پر  یہی کہا جا سکتا ہے ۔  محسن جسمانی طور پر معذور ہے ۔  ایک معذور طالب علم کی قومی مقابلوں تک رسائی کی کہانی کافی دلچسپ ہے۔

 ایک کھلاڑی کی تربیت کا منظرنامہ اس وقت بہت خاص ہو جاتا ہے جب کوچ باپ ہو اور کھلاڑی بیٹا ۔ اسپورٹس میں دلچسپی  رکھنے والے  ایک باپ کا تجربہ اور بیٹے کی لگن کا نتیجہ یہ نکلا کہ محض چھ مہینے کی پریکٹس میں محمد محسن خان نے پیرا اتھلیٹک کے مقابلوں میں نہ صرف ریاستی سطح  پر دوگولڈ میڈل حاصل کیے بلکہ نیشنل مقابلوں کے لیے بھی اس کا  سلیکشن ہوگیا۔ جسمانی  معذوری کو مات دینے والے محسن  کے بارے  میں  ان کے والد کہتے ہیں کہ اس کے اندر کھیل کے  جذبے نے اس کو اس مقام تک پہنچایا ہے۔

جسمانی طور پر معذورمحمد محسن کا پیرا ایتھلیٹ کے قومی مقابلوں کے لئے سلیکشن

برہانی نیشنل اردو ہائی اسکول میں آٹھویں جماعت کا یہ ہونہار طالب علم  محمد محسن ان دنوں اخبارات کی سرخیوں کی زینت بنا ہوا ہے ۔ کم عمری میں ہی محسن نے جو چھلانگ لگائی ہے ، اس سے اساتذہ کو امید ہے کہ محسن قومی سطح  کے مقابلوں میں بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کریگا ۔ پیرا اتھیلیٹ  نیشنل چیمپیئن شپ کے جونیئر مقابلوں میں محمد محسن کو گولہ پھینک، بھالہ پھینک اور تھالی پھینک مقابلوں  میں حصہ لینا ہے ۔ تین بہنوں میں  محسن اکلوتا بھائی ہے ، متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والے  محسن کی  بہنوں اور  والدہ کو بھی  پوری امید ہے کہ محسن شہر  کا نام ضرور روشن کریگا۔ خود محسن بھی اپنی  کامیابی کو لیکر کافی پر عزم ہے ۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز