ہم جو کام شروع کرتے ہیں اسے پایہ تکمیل تک پہنچاتے ہیں: نریندر مودی

Aug 29, 2017 09:13 PM IST | Updated on: Aug 29, 2017 09:13 PM IST

ادے پور۔  ہندستان کی اقتصادی خوشحالی کے لئے انفراسٹرکچر کی ترقی کو اہم چیلنج قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ سابقہ حکومتوں کے برعکس ان کی حکومت جن پروجیکٹوں کو شروع کرتی ہے انہیں مقررہ مدت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچاتی ہے اور وہ آج جن پروجیکٹوں کا افتتاح کررہے ہیں وہ راجستھان کی تقدیر بدل دیں گے۔ مسٹر مودی یہاں 56 10 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار 12 قومی شاہراہوں اور دیگر 48 قومی شاہراہوں کی تزئین و مرمت کا افتتاح نیز 9410 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والی مجوزہ گیارہ قومی شاہراہو ں کا بھومی پوجن کرنے کے بعد ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کانگریس کا نام لئے بغیر کہا کہ سابقہ حکومت نے 300 کروڑ روپے کی لاگت سے کوٹا میں چمبل ندی پر 2006 میں پل بنانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن 8 سال گزر جانے کے باوجود اسے تعمیر کرنے میں ناکام رہی تاہم ان کی حکومت نے محض 278 کروڑ روپے کی لاگت سے صرف ڈیڑھ سال میں اسے پورا کردیا اور آج اس کا افتتاح کرتے ہوئے وہ پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ ان کی حکومت جس پروجیکٹ کو شروع کرتی ہے اسے پایہ تکمیل تک پہنچاتی بھی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ایک ایسا کلچر پیدا کرنے کی کوشش کی ہے جس کام کا آغاز کریں اسے ہم ہی پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’’کام کرنے والی سرکار کس کو کہتے ہیں۔ یہ سمجھنے کے لئے مذکورہ واقعہ کافی ہے۔ ‘‘ خیال رہے کہ راجستھان میں اگلے سال اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور وزیراعظم کے اس جلسے کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے انتخابی تشہیر کا آغاز بھی قرار دیا جارہا ہے۔ مسٹر مودی نے کہا کہ پروجیکٹوں کا اعلان کرنا، اخبارات میں ان کی خبریں اور تصویریں شائع کرا لینا آسان ہے اور ماضی میں ایسا ہوتا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بعض پرانی خرابیوں کو دور کرنا ان کی حکومت کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کانگریس کا نام لئے بغیر کہا کہ ’’آپ اندازہ نہیں لگا سکتے کہ وہ کس طرح سے ہاتھ توڑ گئے ہیں، سارا نظام ایسا منہدم ہوگیا ہے کہ اگر کوئی ڈھیلا ڈھالا انسان ہوتا تو شاید ڈر جاتا۔ لیکن ہم ذرا الگ مٹی کے بنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چیلنج قبول کرنے کی عادت ہے اور چیلنج کرنے کی بھی عادت ہے اور ہم چیلنج کو تسلیم کرتے ہوئے منزل کی جانب بڑھنے کا حوصلہ بھی رکھتے ہیں۔

ہم جو کام شروع کرتے ہیں اسے پایہ تکمیل تک پہنچاتے ہیں: نریندر مودی

وزیراعظم نے کہا کہ اگر ملک کو نئی بلندیوں پر لے جانا ہے تو ہمیں اپنے انفراسٹرکچر کو بھی جدید بنانا ہوگا اور ان کی حکومت اس محاذ پر بہت تیزی سے کام کررہی ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے قومی شاہراہوں کے شعبے میں ہونے والی ترقی کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ اچھے روڈ نیٹ ورک سے ملک کی معیشت کو بہت فائدہ ہوتا ہے۔ راجستھان میں جن سڑکوں کا آج افتتاح ہوا اور جن کا سنگ بنیاد رکھا گیا ان کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس لئے ریاست کی تقدیر بدل جائے گی۔ اس سے ریاست میں سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ ہر ایک کو آمدنی ہوگی خواہ چائے بیچنے والا ہی کیوں نہ ہو۔‘‘ وزیراعظم نے گزشتہ تین سال کے دوران مختلف ترقیاتی کاموں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے جی ایس ٹی کے تئیں عوام کے مثبت رویہ کی سراہنا کی اور اسے ہندوستانی عوام کی سمجھ بوجھ اور بیداری سے تعبیر کیا۔ بارش کے باوجود عوام کی بڑی تعداد جلسہ گاہ میں موجود رہی اور مودی مودی کے نعرے لگاتی رہی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز