بم دھماکوں کی کلیدی ملزمہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی رہائی کے خلاف مالیگاؤں میں احتجاج

Apr 26, 2017 10:10 AM IST | Updated on: Apr 26, 2017 10:10 AM IST

ممبئی۔ مالیگاؤں بم دھماکوں کی کلیدی ملزمہ سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر کو ممبئی ہائی کورٹ سے ضمانت دیئے جانے پر  یہاں متاثرہ مالیگاؤں شہر میں مرکزی حکومت اور قومی تفتیشی ایجنسی کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا ۔ مالیگاؤں کے بم دھماکوں کے مقام بھکو چوک پر منعقدہ اس احتجاج کی قیادت کانگریس رکن اسمبلی شیخ آصف نے کی ، ان کے ہمراہ سیکڑوں افراد کو اپنے بازؤں پر کالی پٹیاں باندھ کر احتجاج کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔ احتجاج کرنے والوں میں ان دھماکوں میں شہید ہونے والے افراد کے رشتہ دار اور دوست احباب بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ آصف نے کہا کہ ہم ممبئی ہائی کورٹ کے فیصلہ کا احترام کرتے ہیں لیکن ضمانت کی درخواست کے دوران قومی تفتیشی ایجنسی این آئی اے نے مرکزی بی جے پی حکومت کے اشاروں پر سادھوی کو بچانے کے لیئے جو طریقہ اختیار کیا تھا ہم اس کی سخت لفظوں میں مخالفت کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ این آئی اے نے مرکزی حکومت کے دباؤ میں آکر عدالت میں سادھوی کو ایک طرح سے کلین چٹ دیا تھا جس کے سبب ممبئی ہائی کورٹ نے سادھوی کی درخواست ضمانت کو منظور کیا تھا ۔ شیخ آصف نے جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے وکلاء کا بھی شکریہ ادا کیا  اور کہا کہ ان وکلاء نے اپنی انتھک محنتوں سے بھگواء دہشت گردوں کی درخواست کی مخالفت کی تھی جو قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے جمعیۃ علماء کے سربراہان سے درخواست کی ہے کہ وہ ممبئی ہائی کورٹ کے سادھوی کو ضمانت پر رہا کیئے جانے والے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کریں۔

بم دھماکوں کی کلیدی ملزمہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی رہائی کے خلاف مالیگاؤں میں احتجاج

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز