راجستھان محکمہ تعلیم کا مشورہ ، صحتمند رہنے کیلئے چکی پیسیں خواتین ، چوطرفہ تنقید

محکمہ کی جانب سے شائع ہونے والی ماہانہ میگزین میں خواتین اور مردوں کو صحتمند رہنے کے نسخے بتائے گئے ہیں ۔

Nov 12, 2017 01:22 PM IST | Updated on: Nov 12, 2017 01:23 PM IST

جے پور : راجستھان کے محکمہ تعلیم نے خواتین کو صحتمند رہنے کیلئے ایک نیا مشورہ دیا ہے، جس کے بعد سے ہی اس کی چوطرفہ تنقید شروع ہوگئی ہے۔ محکمہ کی جانب سے شائع ہونے والی ماہانہ میگزین میں خواتین اور مردوں کو صحتمند رہنے کے نسخے بتائے گئے ہیں ۔ اس میں شائع ایک مضمون میں کہا گیا ہے کہ چکی پیسنے ، جھاڑو پوچھا کرنے اور پانی بھرنے سے خواتین صحتمند رہتی ہیں۔

میگزین میں صحتمند رہنے کے آسان طریقوں میں 14مشورے دئے گئے ہیں ، جن میں صبح جلد اٹھا اور ٹہلنے کیلئے علاوہ دوڑنا ، سائیکل چلانا ، گھڑسواری ، تیراکی یا کوئی دیگر کھیل کود میں حصہ لینا شامل ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ مضمون میں لکھا ہے کہ خواتین کی ورزش چکی پیسنے ، رسی کودنے ، پانی بھرنے اور جھاڑو پوچھا کرنے سے ہوجاتی ہے۔

راجستھان محکمہ تعلیم کا مشورہ ، صحتمند رہنے کیلئے چکی پیسیں خواتین ، چوطرفہ تنقید

خبروں کے مطابق میگزین میں خواتین کو دئے گئے مشورہ کے بعد محکمہ چوطرفہ تنقید کی زد میں آگیا ہے ۔ اس سلسلے میں پولیس یونین فار سول لیبرٹی کی قومی سکریٹری کویتا شریواستو کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی شرمناک ہے ۔ جن گھسے پٹے طریقوں سے تعلیم کے ذریعہ چھٹکارہ دلانے کی کوشش ہوتی ہے ، محکمہ انہیں کو مضبوط بنانے میں لگا ہوا ہے۔

خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب محکمہ تنازع کی زد میں آیا ہو۔ اس سے پہلے بھی نویں جماعت کی ہندی کی کتاب میں گھریلو خواتین کا موازنہ گدھے سے کیا گیا تھا ۔ کہا گیا تھا کہ گدھا ایک گھریلو خاتون کی طرح ہوتا ہے ، اسے دن بھر محنت و مشقت کرنی پڑتی ہے اور کئی مرتبہ بھوکا پیاسا بھی رہنا پڑتا ہے ۔ گھر سنبھالنے والی خواتین تو ان سب کی شکایت بھی کردیتی ہیں ، مگر گدھا کبھی اپنے مالک کو دھوکا نہیں دیتا ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز