جمعیت علما ہند کے اجلاس میں برادران وطن کے ساتھ خیرسگالی پر زور

Oct 21, 2017 07:45 PM IST | Updated on: Oct 21, 2017 07:45 PM IST

 اورنگ آباد۔  اورنگ آباد میں جمعیت علما ہند (ارشد مدنی گروپ)  کا ایک جلسہ منعقد ہوا ۔ اس جلسے میں ملک کےموجودہ حالات اور مسلمانوں کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی گئی ۔ اس موقع پر برادران وطن کے ساتھ  حسن سلوک اور خیرسگالی پر زور دیا گیا۔ جمعیت علما ہند ارشد مدنی گروپ کی جانب سے اورنگ آباد کے مولانا آزاد ریسرچ سینٹر میں حالات حاضرہ پر ایک جلسہ ہوا۔ اس جلسے میں جمعیت کے ریاستی جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔

اپنے خطاب میں مولانا حلیم اللہ قاسمی نے قرآنی تعلیمات کی روشنی میں حالات حاضرہ کا جائزہ لیا اورعلما نے زور دیا کہ  عوام اپنے فرائض منصبی کا حق ادا کریں ۔ مولانا حلیم  اللہ صدیقی کی آمد کے پیش نظر جلسہ میں کثیر تعداد میں اکابرین ملت نے شرکت کی۔  متعدد علما نے بھی اپنے خیالات کا اظہارکیا ۔ جلسے میں مجموعی طور پر باہمی اتفاق اور برادران وطن کے ساتھ خیرسگالی پر بھی زور دیا گیا۔ اس موقع پرتعلیمی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والے ہونہار طلبا وطالبات میں تعلیمی چیک تقسیم کیے گئے۔  پروگرام میں مدرسے کے ایک طالب علم نے دلسوز انداز میں حمد پیش کی جسے کافی سراہا گیا۔ جلسہ میں جمعیت کے ذمہ داروں نے زندگی کے مختلف شعبوں میں کام کرنے والے حضرات سے اپیل کی کہ وہ خدمت خلق کو اپنا شعار بنا لیں کیونکہ اسی میں  ملک اور قوم  کی بھلائی پوشیدہ ہے۔

جمعیت علما ہند کے اجلاس میں برادران وطن کے ساتھ خیرسگالی پر زور

ری کمنڈیڈ اسٹوریز