رمضان المبارک کے پیش نظر رات میں دکانوں کو کھلی رکھنے کی فرنویس حکومت نے دی مشروط اجازت

May 17, 2017 09:08 PM IST | Updated on: May 17, 2017 09:08 PM IST

ممبئی : حکومت مہاراشٹر کے محکمہ برائے محنت نے رمضان المبارک کے پیشِ نظر ریاست کے مختلف علاقوں کی دوکانوں کو کچھ شرائط کے ساتھ رات میں بھی کھلی رکھنے کا حکم نامہ جاری کردیا ہے ۔ یہ حکم نامہ راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قومی ترجمان اور سابق وزیر محنت نواب ملک کے اس مکتوب کے بعد جاری کیا گیا ہے جو انہوں نے 15مئی 2017کو لیبر کمشنر کو روانہ کیا تھا۔واضح رہے کہ ریاست میں ہر سال رمضان المبارک میں مکمل ایک ماہ تک شب میں دوکانوں کو کھلی رکھنے کی اجازت دی جاتی تھی، مگر گزشتہ دو سالوں سے جب سے بی جے پی وشیوسینا کی حکومت قائم ہوئی ہے، اس پر روک لگادی گئی تھی۔ جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے احتجاج بھی ہوتا رہا ہے ۔لیکن اس سال نواب ملک کی کوششوں سے حکومت کے محکمہ محنت نے نوٹی فیکشین جاری کرکے اس کی مخصوص اجازت دیدی ہے۔

نواب ملک نے اپنے مکتوب میں لیبر کمشنر کی توجہ اس امر کی جانب مبذول کرائی تھی کہ رمضان المبارک کے پیشِ نظر شب میں مختلف دوکانیں کھلی رہتی ہیں اور آپ کے محکمہ کی جانب سے انہیں ہر سال اس کی خصوصی اجازت دی جاتی ہے۔ چونکہ رمضان المبارک کا آغازاس ماہ 27مئی سے ہورہا ہے، لہذا ہرسال کی طرح اس سال بھی شب میں دوکانوں کو کھلی رکھنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے۔ اس مکتوب کے بعد16مئی کو لیبر کمشنر وائی ای کیرورے نے مہاراشٹر شاپ اینڈ اسٹبلیشمنٹ ایکٹ کے تحت نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے کچھ شرائط کے ساتھ 27 مئی سے27 جون تک نہ صرف شب میں دوکانوں کو کھلی رکھنے کی اجازت دیدی بلکہ روزہ دار ملازمین کے کاموں میں تخفیف کا بھی نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔

رمضان المبارک کے پیش نظر رات میں دکانوں کو کھلی رکھنے کی فرنویس حکومت نے دی مشروط اجازت

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ فڑنویس: فائل فوٹو

نوٹیفیکیشن کے تعلق سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں نواب ملک نے بتایا کہ ریاست بھر میں رمضان المبارک کے پیشِ نظر شب میں دوکانوں کی کھلی رکھنے کی اجازت دی جاتی رہی ہے تاکہ روزہ دار افراد شب میں اپنے ضروریات کی خریداری کرسکیں، مگر گزشتہ دو سال سے یہ اجازت نہیں دی گئی تھی۔ اس تعلق سے نہ صرف میں نے لیبر کمشنر کو مکتوب روانہ کیا بلکہ ان سے بات بھی کی، جس کی بناء لیبر کمشنر نے مذکورہ نو ٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔ اب ریاست بھر میں رمضان المبارک کی شب میں دوکاندار اپنی دوکانیں کھلی رکھ سکیں گے ۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز