تو گجرات میں مسلم رائے دہندگان کو رجھانے کے لئے بی جے پی اپنا رہی ہے یہ حربے

Oct 07, 2017 05:53 PM IST | Updated on: Oct 07, 2017 05:53 PM IST

 احمد آباد۔ گجرات اسمبلی الیکشن کو لے کر حکومت  نئے نئے طریقوں سے مسلموں کا ووٹ حاصل کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ وہیں احمدآباد میونسپل کارپوریشن نے چھ سالوں میں پہلی بار مغل شہنشاہ اور مسلم شہید  کے نام پر ہاؤسنگ سوسائٹی کا نام رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کے مطابق احمدآباد میں موجودہ دو ہاؤسنگ اسکیم کو مغل شہنشاہ دارا شکوہ اور شہید عبدالحمید اپارٹمنٹ کا نام دیا گیا ہے۔ احمدآباد میونسپل کارپوریشن میں ہاؤسنگ گروپس کی جانب سے ایک میٹںگ کا اہتمام کیا گیا، جس میں آواس یوجنا کے کمیٹی ممبران نے احمدآباد کی 32 ہاوسنگ سوسائٹی کے نام کا اعلان کیا ۔ اس  میں سے دوسوسائٹی کے نام مسلم شہیدوں اورمغل شہنشاہ کے نام  پر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

ہاؤسنگ کمیٹی چیئرمین بپن پٹیل نے کہا کہ احمدآباد کے رکھیال علاقے میں موجود ایل آئی جی اسکیم کے تحت بننے والی  ہاؤسنگ سوسائٹی کا نام اب دارا  شکوہ اپارٹمنٹ رکھا گیا ہے اور رام کرشن میل کے پاس موجود ای ڈبلیو ایس  کے تحت بنائی گئی  ہاؤسنگ سوسائٹی کا نام ویرعبدالحمید اپارٹمنٹ  کر دیا گیا ہے۔ 2012 سےاحمد آباد میونسپل کارپوریشن نےغریبوں کے لئے 44 ہاؤسنگ اسکیم تیار کی ہیں، جن کے نام اب تک ہندو دیوی دیوتا، صوفی سنت، سائنسدانوں، ندی پہاڑ کے نام پر ہی رکھے گئے ۔ لیکن  دارا  شکوہ اور عبدالحمید دے کر کہیں نہ کہیں الیکشن میں  مسلم ووٹرس کو اپنی طرف کھینچنے کا منصوبہ کارپوریشن بنا رہا ہے ۔

تو گجرات میں مسلم رائے دہندگان کو رجھانے کے لئے بی جے پی اپنا رہی ہے یہ حربے

چھ سالوں میں پہلی بار احمد آباد ميونسپل کارپوریشن نے مغل شہنشاہ اور شہید فوجی  کے نام پر ہاؤسنگ سوسائٹی کا نام دیا ہے۔ یہ نام رکھنے کی وجہ بتاتے ہوئے ہاؤسنگ کمیٹی چیئرمین بپن پٹیل کہتے ہیں کہ دارا شکوہ مغل بادشاہ شاہ جہاں کا بڑا بیٹا اور جانشین تھا۔ اس نے بھگوت گیتا اور یوگ وششٹ جیسی کتابوں کا فارسی میں ترجمہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ ویر عبدالحمید اتر پردیش کے غازی پور ضلع کے دھموپورگاؤں میں رہنے والے بھارتیہ فوج کے ایک فوجی تھے۔ انہوں نے1965 میں  ہندوستان  پاکستان کی جنگ میں بہادری سے جنگ لڑ کر پاکستان کے کئی ٹینک تباہ کیے تھے۔ اس بہادری کے لئے ہندوستانی فوجیوں کے سب سے بڑے اعزاز  پرم ویر چکر سےعبدالحمید کو نوازا گیا تھا۔ ان  دونوں کی یاد لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے، اس لئے ہم نے ان کے نام پر سوسائیٹیوں کے نام رکھے ۔

بپن پٹیل ۔ چیئرمین ہاؤسنگ کمیٹی اے ایم سی بپن پٹیل ۔ چیئرمین ہاؤسنگ کمیٹی اے ایم سی

ویسے احمدآباد کے رکھیال علاقے میں موجود ایل آئی جی اسکیم کے تحت بنی ہوئی ہاؤسنگ سوسائٹی کا نام گذشتہ کئی سالوں سے نہیں رکھا گیا تو ہندو مسلم دونوں برادری کے لوگوں نے مل کر اس سوسائٹی کا نام امن ٹاور رکھ دیا تھا ۔ جس کو اب کارپویشن نے  بدل کر دارا  شکوہ کے نام پر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز