وقف املاک کے تحفظ کے لئے مہاراشٹر میں تحریک اوقاف کے صدر کا دورہ

Mar 21, 2017 08:25 PM IST | Updated on: Mar 21, 2017 08:25 PM IST

ناندیڑ۔ وقف جائدادوں کے تحفظ کے لیے مہاراشٹر میں تحریک اوقاف کا قیام عمل میں آیا ہے ۔ ممبئی کی معروف شخصیت شبیرانصاری کو اس تحریک کی صدارت سونپی گئی ہے ۔ صدارت کی ذمہ داری ملنے پر شبیر انصاری نے ریاست کے مختلف اضلاع کا دورہ شروع کیا ہے ۔ اسی سلسلہ میں وہ ناندیڑ بھی پہنچے ۔ یہاں انہوں نے وقف جائدادوں کے تحفظ کے لیے لوگوں میں شعور بیدار کرنے کوشش پر زور دیا ۔ مہاراشٹر حکومت کی جانب سے یکم مارچ سے ریاست بھر میں وقف جائدادوں کے سروے کا کام کیا جارہا ہے۔ ملک کی آزادی کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب حکومت نے وقف جائدادوں کے سروے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حکومت کے اس فیصلے کو عملی جامہ پہنچانے کے لیے لوگوں میں بیداری لانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔اس کے لیے معروف سماجی کارکن شبیر انصاری کی قیادت میں تحریک اوقاف کا قیام عمل میں آیا ہے ۔ تحریک اوقاف کے ذمہ داران نے ناندیڑ میں ایک جلسہ سے خطاب کے دوران وقف جائدادوں کی موجودہ صورت حال پر تشویش ظاہر کی اور وقف جائدادوں کے تحفظ کے لئے لوگوں کو آگے آنے کی نصیحت کی ہے ۔

مرکزی حکومت کی جانب سے بنائے گئے وقف ایکٹ ۱۹۹۵ کے مطابق وقف بورڈ کو اپنی جائدادوں کے تحفظ اور زمین مافیاؤں کے قبضہ سے آزاد کروانے کے لیے وسیع اختیارات دیئے گئے ہیں ۔ لیکن اس معاملے میں وقف بورڈ کے پاس ملازمین کی کمی اور انتظامیہ کی عدم تعاون کے سبب وقف بورڈ اپنے اختیارات کا صحیح استعمال نہیں کرپا رہا ہے ۔اس مسئلہ کے حل کے لیے تحریک اوقاف نے حکومت سے  جہاں ایک طرف سے  وقف بورڈ کے ملازمین کی تعداد میں اضافہ کا مطالبہ کیا ہے وہیں دوسری طرف رضاکارانہ طورپرضلع سطح پر کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ یہ کمیٹیاں وقف بورڈ کے لئے مددگار ثابت ہوسکیں ۔

وقف املاک کے تحفظ کے لئے مہاراشٹر میں تحریک اوقاف کے صدر کا دورہ

تحریک انصاف کے ذمہ دران کو ملنے والی اطلاع کے مطابق پورے مہاراشٹر میں جملہ 92 ہزار ایکڑ زمین اور ایک لاکھ سے زائد پراپرٹیز موجود ہیں  لیکن ان میں سے بیشتر جائدادوں پر ناجائز قبضے ہوچکے ہیں ۔ ناجائز قابضین کا پتہ لگانے کے لیے ہی از سر نو اوقافی جائدادوں کے سروے کی مانگ کی گئی تھی، جسے حکومت نے تسلیم کرلیا ہے اور  ابتدائی طورپر پونے اور پربھنی میں سروے کا یہ کام شروع کیا ہے  آئندہ 9 ماہ کے دوران ریاست کے تمام اضلاع میں اوقافی جائدادوں کا سروے کیا جائے گا۔ لوگوں سے اپیل کی جارہی ہے کہ وقف جائدادوں کے بارے میں جس کسی کو ئی اطلاع ہے وہ فوری وقف بورڈ کے افسران سے رجوع کریں ۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز