مدینہ منورہ میں صرف خواتین پر مشتمل شہری کونسل کے قیام کا اعلان ، تمام بلدیاتی خدمات دے گی انجام

Dec 03, 2017 09:04 PM IST | Updated on: Dec 03, 2017 09:04 PM IST

مدینہ منورہ : مدینہ منورہ کی بلدیہ نے خواتین کی شہری کونسل کے قیام کا اعلان کیا ہے۔یہ کونسل صرف خواتین کے لیے مختص ہوگی اور یہ انہیں تمام بلدیاتی خدمات مہیا کرے گی۔بلدیہ مدینہ منورہ کے اس اقدام کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا ہے اور یہ سعودی عرب کے ویژن 2030ء اور قومی تبدیلی کے پروگرام 2020 ء کا بھی حصہ ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق خواتین ارکان پر مشتمل یہ کونسل ہر طرح کی تجارتی سرگرمیوں کے لیے خواتین کو لائسنس اور عمارتوں کے اجازت نامے جاری کرے گی۔خواتین کی سرگرمیوں کے لیے نگرانی کی خدمات مہیا کرے گی اور انھیں درکار دوسری کوئی بھی خدمات مہیا کرے گی۔ مدینہ ریجن کے سیکریٹری محمد العامری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ مکمل طور پر خواتین پر مشتمل کونسل کے قیام کی تجویز ان کی استعداد اور مسابقت کی صلاحیت کے پیش نظر سامنے آئی تھی‘‘۔

مدینہ منورہ میں صرف خواتین پر مشتمل شہری کونسل کے قیام کا اعلان ، تمام بلدیاتی خدمات دے گی انجام

انھوں نے کہا کہ ’’یہ کونسل ایک سہولت کار ، پیدا وار میں اضافے اور رفتار اور استعداد کو بڑھانے کے لیے ایک پُل کا کام دے گی۔یہ خواتین کے تخلیقی نظریات کو پروان چڑھانے کے لیے ایک پنیری کا کام دے گی ‘‘۔انھوں نے کہا کہ’’ اس طرح کے اقدامات کے سب سے بڑے حامی اور مؤید بلدیات اور دیہی امور کے وزیر عبداللطیف بن عبدالملک آل شیخ ہیں۔ ہم دوسرے صوبوں میں بھی خواتین پر مشتمل اسی طرح کی کونسلوں کے قیام کے لیے کام کریں گے‘‘۔

ایک کاروباری خاتون عروہ ترکستانی کا کہناہے کہ ’’ خواتین پر مشتمل شہری کونسل کے قیام سے مدینہ منورہ میں کاروباری خواتین کو اپنے کاروباروں سے متعلق مختصر وقت میں تمام دفتری قواعد وضوابط اور احتیاجات کی تکمیل میں مدد ملے گی‘‘۔انھوں نے مزید کہا کہ ’’ اس سے کاروباری خواتین کو اپنی اقتصادی سرگرمیوں اور کاروباروں کو بڑھانے میں بھی مدد ملے گی‘‘۔

ایک اور سعودی کاروباری خاتون ایمان نصیف کا کہنا تھا کہ ’’یہ ویژن 2030ء کے اہداف کے حصول اور بالخصوص خواتین کو با اختیار بنانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔اس سے کاروباری خواتین کو بہت سی رکاوٹوں اور چیلنجز سے نبرد آزما ہونے میں مدد ملے گی اور وہ پائیدار ترقی کے عمل میں فعال کھلاڑی کا کردار ادا کرسکیں گی ‘‘۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز