یمن : ایران نواز حوثی باغیوں کے حملہ میں سابق صدر علی عبد اللہ صالح ہلاک ، گھر کو بھی دھماکہ سے اڑادیا

Dec 04, 2017 07:49 PM IST | Updated on: Dec 04, 2017 07:50 PM IST

صنعاء : خانہ جنگی کے شکار عرب ملک یمن میں سرگرم ایران نواز حوثی شیعہ باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق ملکی صدر علی عبداللہ صالح مارے گئے ہیں اور جلد ہی ان کی لاش کی تصویر جاری کر دی جائے گی۔حوثیوں کے سرکاری ٹیلی وژن المصیرہ کی طرف سے ایک رپورٹ میں بتایا گیا، ’’وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ غدار ملیشیا کا بحران ختم ہو گیا ہے اور اس ملیشیا کے سربراہ کو اس کے کئی مجرم ساتھیوں سمیت ہلاک کر دیا گیا ہے۔‘‘

تاہم صالح کی جماعت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ وہ ابھی زندہ ہیں اور صنعاء میں لڑائی میں مصروف ہیں۔ حوثی باغیوں نے آج پیر کی صبح ہی صنعاء میں صالح کی رہائش گاہ کو تباہ کر دیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اس واقعے میں صالح کے کئی اہم ساتھی بھی مارے گئے ہیں۔

یمن : ایران نواز حوثی باغیوں کے حملہ میں سابق صدر علی عبد اللہ صالح ہلاک ، گھر کو بھی دھماکہ سے اڑادیا

یمن کے سابق صدر علی عبداللہ صالح۔ فائل فوٹو

سعودی عرب کے بھی ایک ٹی وی چینل نے بھی علی عبداللہ صالح کی ہلاکت کی تصدیق ہونے کی خبر دی ہے۔ دبئی میں قائم اس نیوز چینل کے مطابق علی عبداللہ صالح کی جماعت سے تعلق رکھنے والے ذرائع نے کہا ہے کہ صالح ایران نواز حوثی باغیوں کے ساتھ یمنی دارالحکومت صنعاء میں ہونے والی لڑائی میں مارے گئے ہیں۔ العریبیہ کی طرف سے تاہم اس بارے میں مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی۔

ڈی ڈبلیو ڈاٹ کام کے مطابق یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے ایک سینئر اہلکار نے بھی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے صالح کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ اس اہلکار نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو ایک ویڈیو بھی بھیجی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ مسلح افراد ایک شخص کی لاش کو لے جا رہے ہیں اور اللہ اکبر کے نعرے لگا رہے ہیں۔ اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس اہلکار نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ یہ علی عبداللہ صالح کی لاش ہے۔ اس ویڈیو فوٹیج کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز