ہوم » نیوز » جنوبی ہندوستان

تلنگانہ کی گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا رجن نے ٹیکہ اندازی کی مہم کی شروعات کو فخر کا لمحہ قرار دیا

تلنگانہ میں ایک سو چوالیس مقامات پر ٹیکہ کاری کا پروگرام منعقد کیا گیا۔ سکندرآباد کے گاندھی اسپتال میں اس پروگرام کا آغاز مرکزی مملکتی وزیرداخلہ جی کشن ریڈی، تلنگانہ کے وزیر صحت ای راجندر، ریاستی چیف سکریٹری سومیش کمار نے کیا۔

  • Share this:

تلنگانہ میں ایک سو چوالیس مقامات پر ٹیکہ کاری کا پروگرام منعقد کیا گیا۔ سکندرآباد کے گاندھی اسپتال میں اس پروگرام کا آغاز مرکزی مملکتی وزیرداخلہ جی کشن ریڈی، تلنگانہ کے وزیر صحت ای راجندر، ریاستی چیف سکریٹری سومیش کمار نے کیا۔ ڈاکٹرس نے سینی ٹائزیشن ورکرس کو پہلا ٹیکہ دیا۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ سولہ جنوری سے شروع کیے گئے ٹیکہ کاری پروگرام کو ایک ہفتہ کے اندر ہی مکمل کرلیا جائے گا۔ ہفتہ میں چار دن ٹ پیر، منگل، جمعرات اور جمعہ کو ٹیکہ دیئے جائیں گے۔ بدھ اور ہفتہ کے دن سرکاری اسپتالوں میں معمول کے جو ٹیکے دیئے جاتے ہیں اس کا عمل جاری رہے گا۔ کورونا کا پہلا ٹیکہ لینے کےاٹھائس دن بعد دوسرا ٹیکہ دیا جائے گا۔ اس طرح سولہ فروری سے دوسرا ٹیکہ دیا جائے گا۔ مارچ کے تیسرے ہفتہ تک محکمہ صحت اور فرنٹ لائن ورکرس کو دو مرحلوں میں دو ٹیکہ دیئے جائیں گے۔


بی جےپی کے رکن اسمبلی ، راجا سنگھ نے کوٹھی کے ای این ٹی اور عثمانیہ جنرل اسپتال کا دورہ کیا۔ انھوں نے ای این ٹی اسپتال میں ٹیکہ کاری پروگرام کا جائزہ لیا۔ اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ شنکر نے ٹیکہ لگایا۔ راجا سنگھ نے کورونا ٹیکہ تیار ہونے پر مسرت کا اظہار کیا۔


وہیں ایم آئی ایم صدر اسد الدین اویسی نے حیدرآباد کے علاقہ افصل گنج میں واقع عثمانیہ جنرل اسپتال کا دورہ کیا۔ انھوں نے کورونا ٹیکہ کاری پروگرام میں شرکت کی۔ اور ڈاکٹرس سے ٹیکہ کاری پر تبادلہ خیال کیا۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیکہ کاری سے کورونا وبا کا خاتمہ ہوگا۔


تلنگانہ کی گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا رجن نے ٹیکہ اندازی کی مہم کی شروعات کو فخر کا لمحہ قرار دیا ہے۔انہوں نے حیدرآباد کے نمس میں ٹیکہ اندازی مہم کا آغاز کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم نے سائنسدانوں کو ٹیکہ کے سلسلہ میں کافی ترغیب دی ہے۔ ٹیکہ کے معاملہ میں خود مکتفی ہونے پر فخر کا اظہار کیا اور کہا انڈیا کسی اور ملک پر منحصر نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میں بھی کورونا کے ٹیکہ کی تیاری ہوئی ہے۔حیدرآباد دواسازی کا مرکز ہے جہاں سے ایک سو پچاس سے زائد ممالک کو دوائیاں فراہم کی جاتی ہیں۔انہوں نے ٹیکہ لینے والوں سے بھی خواہش کی کہ وہ احتیاطی اقدامات پر عمل کریں۔ماسک پہنیں،ہاتھ دھوتے رہیں،سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔

تلنگانہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوویڈ نائین ٹین کےدو سو انچاس تازہ معاملے درج کئے گئے ہیں ۔ ریاست میں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر دو لاکھ اکنانوے ہزار تین سو سڑسٹھ ہوگئی ہے۔ ریاست میں بہ حیثیت مجموعی اموات کی تعداد بڑھ کر ایک ہزار پانچ سو پچہتر ہوگئی ہے ۔۔محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ اب تک اس مرض سے روبہ صحت ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر دو لاکھ پچاسی ہزار پانچ سوانیس ہوگئی ہے۔ریاست میں سرگرم معاملے چار ہزار دوسوترہتر ہیں۔۔ ۔
Published by: Sana Naeem
First published: Jan 16, 2021 06:52 PM IST