ہوم » نیوز » شمالی ہندوستان

میرٹھ : اسپورٹس صنعت پر کورونا کا اثر

اقتصادی مندی کے دور سے گزر رہی میرٹھ کی اسپورٹس انڈسٹری اب کورونا کی وجہ سے متاثر ہو رہی ہے۔

  • Share this:
میرٹھ : اسپورٹس صنعت پر کورونا کا اثر
میرٹھ : اسپورٹس صنعت پر کورونا کا اثر

میرٹھ۔ اقتصادی مندی کے دور سے گزر رہی میرٹھ کی اسپورٹس انڈسٹری اب کورونا کی وجہ سے متاثر ہو رہی ہے۔ کھیل کے سامان کے لئے دنیا بھر میں مشہور میرٹھ کی اسپورٹس گڈز کے ایکسپورٹ میں گزشتہ ایک ماہ میں ٣٠ سے ٤٠ فیصد کی کمی درج کی گئی ہے اور کورونا وائرس کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر ایکسپورٹ میں ابھی مزید گراوٹ کا خطرہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔


پچھلے تین پشتوں سے اسپورٹس گڈز صنعت سے جڑے میرٹھ کے روی شرما کا کہنا ہے کہ اقتصادی مندی کے دور میں میرٹھ کی اسپورٹس صنعت اتنا متاثر نہیں ہوئی جتنا کورونا وائرس کے عالمی خطرے کے بعد بند ہوئے ایکسپورٹس سے ہو رہی ہے۔ دنیا بھر میں کھیل کا سامان ایکسپورٹ کرنے والی میرٹھ کی اسپورٹس انڈسٹری میں کام رکا تو نہیں ہے اور نہ ہی کارخانے بند ہوئے ہیں لیکن ایکسپورٹس بند ہونے سے اسپورٹ مارکیٹ میں  پیسہ کم ہوتا جا رہا ہے۔

شمالی ہند  میں میرٹھ  اسپورٹس انڈسٹری کا ایک بڑا مرکز ہے۔ کھیلوں میں استعمال ہونے والے تقریبا تمام طرح کے سامان یہاں تیار کیے جاتے ہیں۔ کرکٹ بیٹ میں بی ڈی ایم، ایس ایف ، ایس جی  اور ایس ایس جیسے برانڈو نے جہاں عالمی سطح پر خاصی مقبولیت حاصل کی ہے وہیں ٹینس، بیڈمنٹن اور اتھلیٹکس کے  سامان  بھی بڑے پیمانے پر تیار کئے جاتے  ہیں۔ ایکسپورٹ کے علاوہ ریٹیل میں بھی کھیل کا سامان خریدنے والوں کی کمی نہیں رہتی تھی لیکن اب لوکل مارکیٹ میں بھی سامان کم سپلائی ہو رہا ہے۔




اسپورٹس صنعت سے وابستہ کاروباری مانتے ہیں کہ کورونا کے عالمی خطرے کو دیکھتے ہوئے سرکاروں کو احتیاطی قدم اٹھانا ضروری ہے لیکن حالات جلد بہتر نہ ہونے کی صورت میں کاروبار پر اور زیادہ اثر پڑنا لازمی ہے۔ کورونا وائرس کے خطرے سے خوفزدہ دنیا کے ممالک ابھی اس خطرے سے نمٹنے کی تدبیر کر رہے ہیں لیکن اگر حالات جلد معمول پر نہیں لوٹے تو کاروبار پر اس کا اثر پڑنا لازمی ہے۔
First published: Mar 21, 2020 12:02 PM IST